خیبر پختونخوا: آکسیجن نہ ملنے سے کرونا کے سات مریض ہلاک
صوبہ خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور کے تین بڑے اسپتالوں میں شامل خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث کرونا وائرس سے متاثرہ سات مریض دم توڑ گئے۔
ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا۔
اسپتال کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ کو ہلاکتوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کو آکسیجن کی متواتر سپلائی بحال نہ رہ سکی، جس کے سبب مریض دم توڑ گئے۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں اکسیجن کی کمی کے سبب دیگر وارڈز کے مریض بھی متاثر ہوئے ہیں۔
خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان فرہاد خان کا کہنا ہے کہ اسپتال کو قریبی شہر روالپنڈی سے آکسیجن فراہم کی جاتی ہے اور راولپنڈی سے آکسیجن کے سلنڈر بروقت نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
ترجمان کا کہنا ہے سردی کے سبب مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے۔ ان کے بقول آکسیجن سیلنڈر کی تاخیر سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے سرکاری طور پر جاری کردہ بیان میں اس واقع کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی، فیصل مسجد کا اندرونی حصہ سیل
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جمعے کو فیصل مسجد میں کرونا ایس او پیز کی مبینہ خلاف ورزی پر مسجد کے اندرونی حصے کو سیل کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسجد کے اندرونی حصے کو عارضی طور پر سیل کیا گیا ہے تاکہ احتیاطی تدابیر پر مؤثر عملدرآمد یقنی بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد کے صحن میں باجماعت نماز ادائیگی کا سلسلہ برقرار رہے گا۔
'فائزر' نے ویکسین کی منظوری کے لیے بھارتی حکام کو درخواست دے دی
کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین 90 فی صد سے زائد مؤثر ہونے کی دعوے دار امریکی کمپنی 'فائزر' نے ویکسین کے ہنگامی استعمال کے لیے بھارتی حکومت کو بھی درخواست دے دی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی کمپنی 'فائزر' کی کرونا ویکسین کو حال ہی میں برطانیہ میں اجازت ملی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق بھارتی حکام نے مذکورہ درخواست پر تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وہ مقامی طور پر تیار کردہ کرونا ویکسین سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔
واضح رہے کہ فائزر کی تیار کردہ کرونا ویکسین کو منفی 70 ڈگری سے کم درجہ حرارت درکار ہوتا ہے جو کہ بھارت کے اکثریتی سرد خانوں میں دستیاب نہیں۔
بھارت میں اب تک 90 لاکھ سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ لگ بھگ ایک لاکھ 40 ہزار اموات ہوئی ہیں۔
امریکہ: چھٹیوں کے سیزن میں کرونا کیسز میں بھی اضافہ
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں چھٹیوں کے سیزن میں کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اسپتالوں میں گنجائش کم ہوتی جا رہی ہے۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں اسپتالوں پر دباؤ بڑھنے سے نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
سین ڈیاگو اور لاس اینجلس میں ریستورانوں میں ڈائننگ ختم کرنے کے علاوہ، تھیٹرز، سیلون اور بعض دیگر کاروبار ہفتے سے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق جمعے کو امریکہ میں ریکارڈ دو لاکھ 28 ہزار کیس رپورٹ ہوئے جب کہ جمعرات کو دو لاکھ 17 ہزار کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق امریکہ میں ایک ہفتے میں یومیہ اموات کی شرح اوسظً دو ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ جمعے کو وائرس سے مزید 2607 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکہ میں جمعرات کو وائرس کے باعث یومیہ ریکارڈ 2879 اموات ہوئی تھیں۔