برطانیہ میں شہریوں کو ویکسین دینے کا سلسلہ جاری
برطانیہ میں امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیار کردہ کرونا ویکسین شہریوں کو لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔
برطانیہ میں گزشتہ روز سے بڑے پیمانے پر ویکسین دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔
برطانیہ: الرجی کے شکار افراد کو ویکسین نہ لینے کا مشورہ
برطانیہ میں حکام نے ان افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین لینے سے منع کیا ہے جن کو کسی بھی قسم کی الرجی کی شکایت رہی ہو۔
رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں حکام ان اطلاعات کی, کہ دو افراد کو کرونا ویکسین دیے جانے کے بعد ان پر شدید الرجی کا ری ایکشن ہوا تھا، تحقیقات کر رہے ہیں۔
برطانیہ نے گزشتہ روز سے امریکہ کی کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے بنائی گئی ویکسین شہریوں کو بڑے پیمانے پر دینا شروع کی ہے۔
برطانیہ کی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹر ایجنسی کے سربراہ ڈاکٹر جون رائن کا کہنا تھا کہ ایجنسی ان دو رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے جن میں سامنے آیا ہے کہ ویکسین سے الرجک ری ایکشن ہوا ہے۔
واضح رہے کہ فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ کرونا وائرس کے انسداد میں 95 فی صد تک مؤثر ہے۔
پاکستان میں زیرِ علاج افراد کی تعداد 46 ہزار تک پہنچ گئی
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ زیرِ علاج افراد کی تعداد 45 ہزار 594 ہو گئی ہے جب کہ 2498 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 2963 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 26 ہزار 412 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے متاثرہ 3 لاکھ 72 ہزار 271 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 8547 کی موت ہوئی ہے۔
ملک بھر میں متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے۔ جب کہ مجموعی طور پر 85 لاکھ 45 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
پاکستان میں اموات ساڑھے آٹھ ہزار سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 60 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ساڑھے آٹھ ہزار سے تجاوز کر گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 60 افراد وبا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 8547 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ ماہ کے وسط سے اموات کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز بھی ملک بھر میں 89 اموات ہوئی تھیں۔ جو کہ 6 ماہ بعد ایک دن میں وبا سے ہلاک ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔
کیسز اور اموات میں اضافے کے باعث حکومت شہریوں سے مسلسل احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنے پر زور دے رہی ہے۔