امریکہ: مزید دو لاکھ کیسز رپورٹ، دو لاکھ 86 ہزار اموات
امریکہ میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک بار پھر دو لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 لاکھ 15 ہزار 860 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ دو روز میں متاثرہ افراد کی یومیہ تعداد 2 لاکھ سے کم رہی تھی۔ البتہ اس سے قبل مسلسل تین دن تک دو لاکھ سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں وبا سے ایک کروڑ 51 لاکھ 74 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جن میں سے 58 لاکھ سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2546 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
کرونا سے متعلق تمام معلومات آپ کی مٹھی میں
کرونا وائرس کا خطرہ کہاں اور کتنا ہو سکتا ہے اور کسی مخصوص جگہ پر جانے سے پہلے کیا احتیاط ضروری ہے؟ ان سب سوالوں کے جواب دینے کے لیے اب بہت سی موبائل ایپلی کیشنز سامنے آ چکی ہیں۔ آئیے کچھ ایسی ہی ایپس کے بارے میں جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔
انڈونیشیا میں انتخابات، عملے کے رنگ برنگے ملبوسات
انڈونیشیا میں کرونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس دوران پولنگ اسٹیشنز پر عملے کے کچھ ارکان نے سپر ہیروز کا روپ دھارا ہوا تھا۔ کوئی کیپٹن امریکہ بنا ہوا تھا تو کوئی اسپائیڈر مین بن کر ووٹروں کو ہدایات دے رہا تھا۔
برطانیہ میں شہریوں کو ویکسین دینے کا سلسلہ جاری
برطانیہ میں امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیار کردہ کرونا ویکسین شہریوں کو لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔
برطانیہ میں گزشتہ روز سے بڑے پیمانے پر ویکسین دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔