کیلی فورنیا: کرسمس پر لوگوں کو گھروں میں رہنے کے احکامات
امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر روز ہزاروں نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ اس صورتِ حال کے پیشِ نظر ریاست کی تقریباً 80 فی صد آبادی کو گھروں میں رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ لیکن کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ پابندیاں غیر منصفانہ ہیں۔ تفصیلات دیکھیے اس رپورٹ میں۔
پاکستان میں بے روزگاری کی لہر خطرناک رجحان کی جانب اشارہ ہے: معاشی ماہرین
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے معاشی سست روی اور شرح نمو تاریخی زوال کا شکار ہے۔ ماہرین معاشیات کے مطابق بے روزگاری کی شرح بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ماہرین معاشیات کے خیال میں بے روزگاری کی موجودہ لہر خطرناک رجحان کی جانب ایک اشارہ ہے۔
کئی ماہرینِ معاشیات اس بارے میں جو اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں کُل افرادی قوت میں سے بے روزگاری کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
سابق وفاقی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت لگ بھگ 6 کروڑ 70 لاکھ افرادی قوت ہے۔ جس میں سے اگر ایک کروڑ 85 لاکھ لوگ بے روزگار ہوجائیں تو یہ تعداد 25 فی صد کے قریب بنتی ہے اور ملکی تاریخ میں اس سے قبل بے روزگار لوگوں کی اتنی بڑی تعداد کا کبھی اندازہ نہیں لگایا گیا۔
وائس آف امریکہ سےگفتگو میں ڈاکٹر حفیظ پاشا کا کہنا تھا پاکستان اس وقت معاشی جمود اور افراطِ زر کی بڑھتی ہوئی کیفیت کا شکار ہے۔
ان کے خیال میں معاشی جمود کے نتیجے میں بے روزگاری اور افراطِ زر میں حالیہ اضافے کے باعث ایک کروڑ 70 لاکھ کے قریب گھرانے غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے اور ایسا ہماری تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
جنوبی کوریا میں یومیہ کیسز میں ریکارڈ اضافہ
جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کے مزید 950 کیسز رپورٹ کیے گئے۔ جو کہ وبا پھوٹنے کے بعد رپورٹ کیے جانے والے یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ملک میں بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد دارالحکومت سول کے اسپتالوں میں گنجائش ختم ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جنوبی کوریا کے وبا سے نمٹنے والے سرکاری ادارے کے ہفتے کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کل کیسز کی تعداد 41 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 15 دن میں 8 ہزار 900 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
جنوبی کوریا میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 6 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 578 ہو چکی ہے۔
محکمۂ صحت کے مطابق اسپتالوں، ریستورانوں، اسکولوں اور آرمی یونٹس سے کرونا کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
امریکہ میں 24 گھنٹوں میں ریکارڈ تین ہزار 300 اموات، ریکارڈ کیسز رپورٹ
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں جہاں کرونا ویکسین لگائے جانے کا عمل شروع ہونے کے قریب ہے۔ وہیں وبا کے سبب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 309 اموات رپورٹ کی گئیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 3309 اموات کے بعد ملک بھر میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 522 ہو گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک دن میں رپورٹ ہونے والے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔
'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 لاکھ 31 ہزار 775 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جس کے بعد امریکہ میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 85 لاکھ 51 ہزار ہو گئی ہے۔
امریکہ میں اسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔