امریکہ میں آج سے کرونا ویکسینیشن کا آغاز
کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں آج سے شہریوں کو کرونا ویکسین لگانے کا آغاز ہو رہا ہے۔
امریکی حکام نے دوا ساز کمپنی 'فائزر' اور جرمن کمپنی 'بائیو این ٹیک' کے اشتراک سے بنائی گئی کرونا ویکسین کی منظوری دی تھی جس کے بعد ویکسین کی پہلی کھیپ اتوار کو ریاست مشی گن میں واقع 'فائزر' کی فیکٹری سے ٹرکوں کے ذریعے مقامی ایئر پورٹ تک پہنچائی گئی۔
ویکسین، شپنگ کمپنیز ‘یو پی ایس' اور 'فیڈ ایکس' کے ٹرکوں کے ذریعے مختلف ریاستوں میں قائم لگ بھگ 150 ڈسٹری بیوشن سینٹرز میں پہنچائی جا رہی ہے۔ ویکسین کو محفوظ رکھنے کے لیے منفی 70 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ضروری ہے جس کے لیے ویکسین کو خصوصی فریزر میں رکھا گیا ہے۔
پہلی کھیپ میں 30 لاکھ خوارکیں ملک بھر میں قائم ڈسٹری بیوشن سینٹرز میں پہنچائی جا رہی ہے۔
ابتداً طبی عملے اور نرسنگ ہومز میں مقیم معمر افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس عالمی وبا سے امریکہ میں لگ بھگ تین لاکھ افراد ہلاک اور ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کرونا ویکسین کی اتنی ہی خوراکیں، ویکسین کی پہلی خوراک وصول کرنے والوں کی دوسری خوراک کے لیے رکھی جائیں گی جو کہ کرونا وائرس سے مکمل طور پر محفوظ رہنے کے لیے درکار ہوتی ہے۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 36 اموات
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 36 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ وائرس کے 2362 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 31830 ٹیسٹ کیے گئے۔
پاکستان کرونا سے مجموعی اموات 8832 ہو گئی ہیں جب کہ کیسز کی تعداد چار لاکھ 40 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک 60 لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹس کیے گئے ہیں جب کہ وائرس سے اب تک تین لاکھ 84 ہزار مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔
ماہرہ خان کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد اداکارہ نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
ماہرہ خان نے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے کی۔
ماہرہ نے بتایا کہ اُن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، لہذٰا وہ اُن افراد سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہتی ہیں جو گزشتہ ایک ہفتے سے اُن سے ملتے رہے ہیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ یہ ایک مشکل وقت ہے لیکن بہت جلد سب ٹھیک ہو جائے گا۔
ماہرہ نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک ضرور پہنیں اور اس وبا سے بچاؤ کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے رہیں۔
امریکہ میں کرونا ویکسین کی ترسیل پیر سے شروع ہو گی
امریکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ریاستوں میں کرونا ویکسین پیر کی صبح پہنچنا شروع ہو جائے گی۔ ابتداً لگ بھگ 30 لاکھ خوراکیں ملک بھر میں پہنچائی جائیں گی۔
امریکی دوا ساز کمپنی 'فائزر' اور جرمن کمپنی 'بائیو این ٹیک' کے اشتراک سے بنائی گئی کرونا ویکسین کی منظوری فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے جمعے کو دی تھی۔
خیال رہے کہ اس عالمی وبا سے امریکہ میں لگ بھگ تین لاکھ افراد ہلاک اور ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے 'آپریشن وارپ اسپیڈ' کے تحت ویکسین ڈویلپمنٹ پروگرام سے منسلک جنرل گسٹو پڑنا کا ہفتے کو کہنا تھا کہ شپنگ کمپنیز ‘یو پی ایس' اور 'فیڈ ایکس' کے ٹرک پیر کو مختلف ریاستوں میں قائم لگ بھگ 150 ڈسٹری بیوشن سینٹرز میں ویکسین پہنچائیں گے۔
جنرل پڑنا کا مزید کہنا تھا کہ 425 سینٹرز میں منگل جب کہ 66 سینٹرز کو بدھ تک ویکسین پہنچا دی جائے گی۔
اگرچہ طبی عملے اور نرسنگ ہومز کے عملے کو ترجیحی بنیادوں پر کرونا ویکسین دی جانی ہے۔ تاہم جنرل پڑنا کا کہنا تھا کہ اس کا حتمی فیصلہ محکمہ صحت کے حکام کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق کرونا ویکسین کی اتنی ہی خوراکیں، ویکسین کی پہلی خوراک وصول کرنے والوں کی دوسری خوراک کے لیے رکھی جائیں گی جو کہ کرونا وائرس سے مکمل طور پر محفوظ رہنے کے لیے درکار ہوتی ہے۔