رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:25 17.12.2020

ٹوکیو میں ریکارڈ کیسز، شہر کے اسپتالوں پر بوجھ بڑھنے لگا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے حکام نے کہا ہے کہ شہر میں جمعرات کو کرونا وائرس کے ریکارڈ 822 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں اور کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے شہر کے طبی نظام پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔

محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج، اسپتالوں میں معمول کے دیگر مریضوں کے ساتھ مشکل ہوتا جا رہا ہے اور بستروں کی گنجائش بھی کم پڑ رہی ہے۔

ٹوکیو کے حکام کے مطابق جمعرات کو کرونا کے ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ کیے گئے جو 822 تھے۔ اس سے قبل ریکارڈ یومیہ کیسز کی تعداد 678 تھی۔

19:14 17.12.2020

ہتھیاروں کے فنڈز کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے استعمال کریں: پوپ فرانسس کی اپیل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہتھیاروں کی خریداری کے لیے وقف فنڈز کو کرونا وائرس جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے استعمال کریں اور یقینی بنائیں کہ کرونا ویکسین کمزور ممالک کی غریب عوام تک پہنچ سکے۔

رومن کیتھولک چرچ کے امن کے عالمی دن کے لیے، جو یکم جنوری کو منایا جاتا ہے، جاری کردہ پیغام میں پوپ فرانسس نے زور دیا کہ ایک ایسا عالمی فنڈ قائم کیا جائے جس میں ہتھیاروں کی خریداری کے لیے وقف فنڈز کو دنیا میں غربت کے خاتمے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

پوپ فرانسس کا پیغام ہر سال روایتی طور پر ملکوں کے سربراہان، بین الاقوامی تنظیموں اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو بھیجا جاتا ہے۔

اپنے پیغام میں پوپ فرانسس کا مزید کہنا تھا کہ عالمی وبا کرونا وائرس اور ماحولیاتی تبدیلیوں نے دنیا کو درپیش مسائل کو مزید واضح کر دیا ہے۔

18:40 17.12.2020

فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں بھی کرونا وائرس کا شکار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

یورپی ملک فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ میخواں کا کرونا ٹیسٹ جمعرات کو مثبت آیا ہے۔

فرانسیسی صدر کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد حالیہ دنوں میں ان سے ملاقاتیں کرنے والے حکومتی عہدے داروں اور دیگر یورپی ملکوں کے سربراہان میں بھی وبا کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

فرانس کے ایوانِ صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 42 سالہ میخواں کرونا کی تشخیص کے بعد ایلیسی پیلس میں قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جب کہ ان کی اہلیہ نے بھی خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

بیان کے مطابق میخواں میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر ان کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ بیان میں صدر میخواں کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

فرانسیسی صدر میں وبا کی تشخیص کے بعد ان کے شیڈول دورے ملتوی کر دیے گئے ہیں جن میں 22 دسمبر کو یونان کا دورہ بھی شامل ہے جس میں انہوں نے سیاسی بحران کے حل کی کوشش کرنا تھی۔

13:19 17.12.2020

بھارت میں تیارکردہ کرونا ویکسین ابتدائی نتائج میں محفوظ قرار

بھارتی حکومت کی زیرِ نگرانی تیار کی گئی کرونا ویکسین کے ابتدائی مرحلے کی ٹیسٹنگ کے نتائج میں ویکسین کو محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

'کوویکسین' کے نام سے یہ ویکسین 'بھارت بائیو ٹیک' نامی کمپنی نے تیار کی ہے۔

کمپنی کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'کوویکسین' کے ابتدائی نتائج میں ثابت ہوا کہ یہ ویکسین محفوظ اور مضراثرات سے پاک ہے۔

ویکسین کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے کلینکل ٹرائلز جاری ہیں۔

کمپنی نے رواں ماہ کے شروع میں بھارتی ڈرگ ریگولیٹر سے اس ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت طلب کی تھی جس کا مقصد منصوبے کے مطابق 2021 کی دوسری سہہ ماہی میں کوویکسین کو لانچ کرنا ہے۔

بھارت کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارتی حکومت آئندہ چھ سے آٹھ مہینوں میں شدید متاثرہ علاقوں میں اس ویکسین کی لاکھوں خوراکیں تقسیم کرے گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG