کرونا بحران: امریکی تعلیمی ادارے اور طلبہ مشکل میں
امریکہ میں کرونا وائرس کی ویکسین کی آمد سے حالات بہتر ہونے کا انتظار صرف امریکیوں کو ہی نہیں ہے یہاں دنیا بھر سے تعلیم حاصل کرنے کے لیے آنے والے طلبا کو بھی ہے جن کی امیدوں پر کرونا کی عالمی وبا نے پانی پھیر دیا ہے۔ اس مشکل وقت میں نظام تعلیم میں کیا مسائل سامنے آئے؟ بتا رہے ہیں عمران جدون
پاکستان میں کرونا سے مزید 83 اموات
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 83 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد وائرس کے مجموعی کیسز چار لاکھ 51 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔
پاکستان میں وائرس سے مجموعی اموات نو ہزار 164 ہو گئی ہیں جب کہ چار لاکھ کے لگ بھگ مریض صحت یاب بھی ہو گئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 39 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جب کہ اب تک مجموعی طور پر 62 لاکھ سے زائد ٹیسٹس کیے جا چکے ہیں۔
فرانسیسی صدر سے رابطے میں رہنے والے یورپی رہنما قرنطینہ میں چلے گئے
فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد حالیہ چند روز کے دوران ان سے ملنے والے یورپی رہنماؤں نے بھی سماجی دُوری اختیار کر لی ہے۔
ان رہنماؤں میں اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سینچز، پرتگال کے وزیر اعظم انتونیا کوستا اور یورپین کونسل کے سربراہ بھی شامل ہیں۔
فرانسیسی صدر نے گزشتہ ہفتے برسلز میں ایک سمٹ جب کہ پیر کو پیرس میں ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کی تھی جس میں کئی یورپی رہنما شریک تھے۔
جرمن حکام کا کہنا ہے کہ چانسلر آنگیلا مرخیل نے برسلز میں ہونے والی کانفرنس کے بعد کرونا ٹیسٹ کرایا تھا جو منفی آیا تھا۔
علاوہ ازیں فرانس کے وزیر اعظم جنہوں نے صدر سے ملاقات کی تھی وہ بھی آئسولیٹ ہو گئے ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم جنوری میں چین کا دورہ کرے گی
چین کے شہر ووہان کے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ عالمی ادارۂ صحت کے مبصرین شہر کے مرکز کا دورہ کریں تاکہ یہ پتا لگایا جا سکے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والا کرونا وائرس یہاں سے نہیں پھوٹا۔
عالمی ادارۂ صحت نے جمعرات کو کہا ہے کہ عالمی مبصرین کی ایک ٹیم اگلے سال جنوری میں چین کا دورہ کرے گی۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی وبا تقریباً ایک سال قبل چین کے شہر ووہان سے پھیلی تھی۔
ووہان کے ایک شہری وان نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی ادارۂ صحت کے مبصرین کو خوش آمدید کہتے ہیں اور وہ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ وبا کہاں سے آئی؟
ووہان شہر میں قائم سی فوڈ مارکیٹ، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ وبا وہاں سے پھوٹی، کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وان نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ یہ وبا اس مارکیٹ سے پھوٹی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے رواں سال جولائی میں عالمی ادارۂ صحت کی دو رکنی ٹیم نے چین کا دورہ کیا تھا۔ تاہم انہوں نے ووہان کا دورہ نہیں کیا تھا۔