کرونا سے متاثرہ ممالک میں امریکہ بدستور سرفہرست
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سات کروڑ 63 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں وبا سے سب سے زیادہ متاثر افراد کی تعداد امریکہ میں ہے۔ امریکہ میں کرونا وائرس سے ایک کروڑ 76 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ جب کہ دوسرے نمبر پر بھارت میں ایک کروڑ جب کہ برازیل 72 لاکھ متاثرہ افراد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
امریکہ میں وبا سے نمٹنے کے لیے ممکنہ طور پر ایک ٹریلین ڈالر کے پیکیج پر قانون سازوں کی ووٹنگ کا امکان ہے۔
وائرس کی نئی قسم سامنے آنے پر برطانیہ سے ہالینڈ پروازوں پر پابندی
برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثرہ کیسز سامنے آنے کے بعد یورپ کے ملک ہالینڈ نے اتوار سے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
برطانیہ میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد حکام کی طرف سے کچھ علاقوں میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے جس کے بعد ہالینڈ نے یکم جنوری تک برطانیہ سے پروازوں کی آمد پر پابندی عائد کی ہے۔
ہالینڈ کی وزارتِ صحت کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ برطانیہ میں سامنے آنے والی وبا کی نئی قسم زیادہ آسانی اور تیزی سے پھیلتی ہے جب کہ اس کی تشخیص بھی مشکل ہے۔
ہالینڈ کی کابینہ نے حفاظتی اقدامات کے طور پر برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔ تاہم آمد و رفت کے دیگر ذرائع پر پابندی لگائے جانے سے متعلق فیصلہ زیرِ بحث ہے۔
خیال رہے کہ ہالینڈ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر آئندہ برس جنوری کے وسط تک پانچ ہفتوں کا لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ جب کہ اسکول اور غیر ضروری اشیا کی دکانیں بھی بند ہیں۔
امریکہ میں دو لاکھ 75 ہزار قیدی وبا سے متاثر
امریکہ کے وفاقی جیلوں میں قید ہر پانچ قیدیوں میں سے ایک کرونا وائرس سے متاثر ہو چکا ہے۔ جو کہ عام عوام میں ہونے والی تشخیص کے مقابلے میں چار گنا زیادہ کیسز ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' اور 'دی مارشل پروجیکٹ' کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ کی کچھ ریاستوں کی جیلوں میں قید نصف سے بھی زائد قیدی وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق لگ بھگ 2 لاکھ 75 ہزار قیدیوں میں وائرس کی تشخیص اور 1700 سے زائد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ریاست نیو یارک کی رائکرز آئر لینڈ جیل کے سابق چیف میڈیکل افسر ہومر وینٹرز کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے قیدیوں کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔
ویکسین کی دو ارب خوراکیں آئندہ سال تقسیم کرنے کا عندیہ
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اعلان کیا ہے کہ کرونا ویکسین کی لگ بھگ دو ارب خوراکیں محفوظ کر لی گئی ہیں۔ جنہیں 190 ملکوں میں مساوی طور پر تقسیم کیا جائے گا۔
ڈبلیو ایچ او اور دنیا کے کئی ممالک کے اشتراک سے کرونا ویکسین کی مساوی تقسیم کے منصوبے 'کوویکس' کے تحت دو ارب خوراکوں میں سے ایک ارب 30 کروڑ ترقی پذیر ممالک کو فراہم کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ امریکہ اور برطانیہ سمیت کچھ ترقی یافتہ ممالک میں کرونا ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے بعد ترقی پذیر اور غریب ممالک اس انتظار میں ہیں کہ وہاں ویکسین کب آئے گی۔
'کوویکس' کو امیر اور غریب ملکوں کے درمیان طبی آلات اور ویکسین کی تقسیم میں عمومی طور پر آنے والی اسی تاخیر کو مد نظر رکھتے ہوئے قائم کیا گیا تھا اور اس میں ویکسین کی تیاری میں مصروف کئی دوا ساز کمپنیاں شامل ہیں۔
'کوویکس' میں شامل 'گلوبل ویکسین الائنس اینڈ امیونائزیشن' کے سربراہ ڈاکٹر سیتھ بارکلی کا کہنا ہے کہ وہ کرونا ویکسین کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔