رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

17:01 22.12.2020

ٹوکیو اولمپکس: وائرس سے بچاؤ کے لیے 90 کروڑ ڈالر مختص

کرونا وائرس کے سبب 2020 کے دوران ملتوی ہونے والے اولمپکس 2021 میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہوں گے۔ تاہم ان مقابلوں کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور حفاظتی انتظامات پر 90 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔

کرونا سے بچاؤ کے لیے بجٹ کا اعلان​ منگل کو ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے مقابلوں کے لیے مختص نئے بجٹ میں کیا ہے۔

منتظمین نے ایک مرتبہ پھر اس بات اعادہ کیا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور کھیلوں کے التوا کے سبب اخراجات کی لاگت میں مزید دو ارب 80 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔ جب کہ کھیلوں کے انعقاد پر مجموعی طور پر تقریباََ 15 ارب 40 کروڑ ڈالرز خرچ ہوں گے۔

منتظمین نے وبائی مرض کی وجہ سے رواں سال مارچ میں ہونے والے اولمپکس 2021 تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

منتظمین کے مطابق کرونا وائرس کے انسداد کے اقدامات میں پی سی آر ٹیسٹنگ انفراسٹرکچر، کلینک کا قیام اور کھانے کے مراکز جیسے متعدد اقدامات شامل ہیں۔

12:06 22.12.2020

نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کرونا ویکسین لگوا لی

امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کو بھی کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگا دی گئی ہے۔ بائیڈن کو ویکسین لگانے کا منظر براہ راست نشر کیا گیا تاکہ عوام کو یقین دلایا جا سکے کہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے۔

نو منتخب صدر بائیڈن کو ریاست ڈیلاویئر کے مقامی اسپتال میں 'فائزر' اور 'بائیو این ٹیک' کی تیار کردہ ویکسین لگائی گئی۔

اس موقع پر بائیڈن نے کہا کہ ویکسین لگوانے کے عمل کو دکھانے کا مقصد یہ ہے کہ جب یہ دستیاب ہو تو عوام اسے لگوانے کے لیے تیار ہوں۔ اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

نو منتخب صدر سے قبل اُن کی اہلیہ جل بائیڈن کو بھی اسی اسپتال میں کرونا ویکسین لگائی گئی۔

امریکہ میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پیر کو امریکہ میں کرونا کیسز ایک کروڑ 80 لاکھ سے بڑھ گئے ہیں جب کہ اس مہلک وائرس سے تین لاکھ 19 ہزار امریکی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

بائیڈن کے علاوہ کئی اعلیٰ امریکی عہدے داروں نے بھی کرونا ویکسین لگوا لی ہے جن میں نائب صدر مائیک پینس، ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی اور سینیٹ میں ری پبلکن اکثریتی رہنما مچ مکونل بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیے

12:03 22.12.2020

برطانیہ میں کرونا کی نئی قسم کے زیادہ مہلک ہونے کے شواہد نہیں ملے: عالمی ادارۂ صحت

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کی نئی شکل کے نمونوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ یہ کرونا کی عام لہر سے ہٹ کر کوئی زیادہ مہلک یا زیادہ شدید قسم ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق اب بھی لوگ جو بہترین کام کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ اس وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے رہیں۔

جنیوا کے صدر دفتر میں ادارے کی معمول کی بریفنگ میں عالمی ادارہٗ صحت کے عہدے داروں نے کہا کہ وہ کرونا کی اقسام سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں اور ان کو برطانیہ سے ایسی رپورٹیں بھی مل رہی ہیں کہ وہاں کرونا کی نئی قسم زیادہ آسانی سے ایک سے دوسرے میں منتقل ہو سکتی ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم گیبراسس نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ سائنس دانوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ یہ جان سکیں کہ کس طرح سے یہ جینیاتی تبدیلیاں کرونا وائرس کے طریقۂ کار کو متاثر کر سکتی ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ وائرس وقت کے ساتھ شکلیں تبدیل کرتے ہیں۔

مزید پڑھیے

11:53 22.12.2020

بھارت میں تین جولائی کے بعد کرونا وائرس کے سب سے کم کیس رپورٹ

بھارت میں منگل کو کرونا وائرس کے 19 ہزار 556 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تین جولائی کے بعد بھارت میں رپورٹ ہونے والے یہ سب سے کم کیسز ہیں۔

امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں منگل کو کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 75 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

بھارت میں ستمبر کے بعد سے ہی کرونا کیسز میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔

بھارت کرونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد کے لحاظ سے امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جہاں وبائی مرض سے سے اب تک ایک لاکھ 46 ہزار 111 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے 301 افراد ہلاک ہوئے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG