جنوبی افریقہ میں کرونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز
جنوبی افریقہ براعظم افریقہ کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور 'کووڈ 19' سے متاثرہ افراد کی اکثریت کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر ہوئی ہے۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی افریقہ میں اب تک 10 لاکھ 4 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 26 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکام ایک بار پھر پابندیاں لگانے پر غور کر رہے ہیں اور صدر سرل رامفوسہ رواں ہفتے کے اختتام پر اس سے متعلق ٹی وی پر خطاب کر سکتی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق افریقہ میں اب تک 26 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر اور 62 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کرونا ریلیف اور حکومتی اخراجات بل پر دستخط کر دیے
حکومتی شٹ ڈاؤن کے منڈلاتے خطرے کے پیشِ نظر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے منظور کردہ 2300 ارب ڈالر کے کرونا ریلیف اور حکومتی اخراجات بل پر دستخط کر دیے ہیں۔
حال ہی میں کانگریس کی جانب سے منظور کیے گئے اس بل کو صدر ٹرمپ نے 'تضحیک' قرار دیتے ہوئے اس میں بعض ترامیم کی تجویز دی تھی۔ ڈیمو کریٹک اور ری پبلکن رہنماؤں نے کئی ماہ سے جاری مذاکرات کے بعد اس بل پر اتفاق کیا تھا۔
2300 ارب ڈالر کے اس حکومتی بل میں 900 ارب ڈالر کا کرونا وائرس ریلیف پیکیج بھی شامل ہے۔
بل پر صدر ٹرمپ کے دستخط کا امکان اس وقت روشن ہوا جب صدر نے اتوار کی شب ایک ٹوئٹ میں کہا "کرونا ریلیف بل کے سلسلے میں خوشخبری، مزید معلومات کچھ دیر بعد۔"
اگر صدر ٹرمپ بل پر دستخط نہ کرتے تو پیر کی شب سے جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن ہو جاتا۔
صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کے آغاز سے ہی اس بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس میں بعض ترامیم کرنے پر زور دیا تھا جب کہ ہفتے کو صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے اعتراضات کو دوہرایا تھا۔
صدر ٹرمپ نے ہفتے کی صبح ٹوئٹ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ امریکہ کے عظیم لوگوں کو فی کس دو ہزار ڈالر ملیں نہ کے محض 600 ڈالر جو کہ اس وقت بل میں تجویز کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیے
فرانس میں کرونا ویکسینیشن کا آغاز
امریکہ، برطانیہ اور کچھ دیگر ممالک کے بعد یورپ میں بھی کرونا ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
فرانس میں اتوار کو ایک 78 سالہ ضعیف خاتون کو پیرس کے قریبی اسپتال میں ویکسین لگا کر مہم کا آغاز کیا گیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں یورپ میں 'فائرز' اور 'بائیو این ٹیک' کی بنی ویکسین کی منظوری دی گئی تھی۔
فرانس میں ابتدائی مرحلے میں طبی ورکرز اور نرسنگ ہومز میں مقیم بزرگ شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جس کے بعد مرحلہ وار ملک بھر میں اسے لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔
فرانسیسی حکومت نے ابتداً 10 لاکھ خواراکیں حاصل کی ہیں جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ فروری کے آخر تک ملک کے طول و عرض میں قائم سات ہزار سے زائد نرسنگ ہومز اور متعلقہ سہولیات میں مقیم افراد کو ویکسین لگا دی جائے گی۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 55 ہلاکتیں
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 55 افراد ہلاک جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1974 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد نو ہزار 229 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کرونا کے 32 ہزار 205 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جب کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح چھ فی صد سے زائد ہے۔
پاکستان میں دو ہزار 263 مریض انتہائی نگہداشت وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔
سندھ میں سب سے زیادہ دو لاکھ 11 ہزار 276، پنجاب میں ایک لاکھ 36 ہزار 147، خیبرپختونخوا میں 57 ہزار 467، بلوچستان میں 18 ہزار 82، اسلام آباد میں 37 ہزار 272، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں آٹھ ہزار 215 جب کہ گلگت بلستان میں اب تک چار ہزار 850 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔