امریکہ میں بھی وائرس کی نئی قسم کا کیس رپورٹ
برطانیہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کا کیس امریکہ میں بھی سامنے آ گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکی ریاست کولوراڈو میں تیزی سے منتقل ہونے والے نئی قسم کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اُدھر امریکہ کے نو منتخب صدر نے ویکسین لگانے کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسی رفتار سے ویکسین لگی تو کئی امریکیوں کی سالوں بعد باری آئے گی۔
بائیڈن کے اس بیان کے بعد ریاست کولاراڈو کے گورنر جیرڈ پالیس نے منگل کو تصدیق کی کہ اُن کی ریاست میں بھی وائرس کی نئی قسم کے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
وائرس کی یہ نئی قسم رواں ماہ کے آغاز میں برطانیہ میں سامنے آئی تھی جس کے بعد یورپ سمیت دنیا کے کئی ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
اس نوعیت کے کیسز بھارت، کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان اور پاکستان میں بھی سامنے آ چکے ہیں۔
جیرڈ پالیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص نوجوان ہے اور اس کی ٹریول ہسٹری بھی نہیں ہے۔
کرونا کی نئی قسم: کیا ویکسین اب بھی مؤثر رہے گی؟
کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین آنے کے بعد اُمید پیدا ہوئی تھی کہ اس وبا کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ تاہم وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد نئے سوالات جنم لے رہے ہیں۔ تبدیل شدہ وائرس کتنا خطرناک ہے اور اس صورت میں کرونا ویکسین کتنی مؤثر رہے گی۔ آئیے جانتے ہیں۔۔
پاکستان میں کرونا سے اموات 10 ہزار سے متجاوز
پاکستان میں بدھ کو کرونا سے مزید 55 افراد کی ہلاکت کے بعد اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں 10 ہزار 47 افراد اس وبا کے باعث اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے مزید 2155 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز چار لاکھ 77 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔
پاکستان میں بدھ کو 36 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2155 کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
پاکستان میں اب تک اس مہلک وبا سے صحت یابب ہونے والوں کی تعداد چار لاکھ 30 ہزار سے زائد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وبا سے 4619 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
برطانیہ سے کراچی آنے والے تین مسافروں میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق
پاکستان میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ سے کراچی پہنچنے والے مسافروں میں سے تین افراد میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمۂ صحت سندھ کے مطابق برطانیہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے متاثرین کی پاکستان میں بھی تشخیص ہوئی ہے۔ برطانیہ سے آنے والے تین مسافروں کے نمونوں میں نئی قسم کے وائرس سے مشابہت پائی گئی ہے۔
صوبائی محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے واپس آنے والے 12 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ جن میں سے چھ افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمۂ صحت کے مطابق ان چھ افراد میں سے تین افراد میں کرونا وائرس کی نئی قسم پائی گئی ہے۔
پاکستان میں حکام نے ان مسافروں کو باقی لوگوں سے علیحدہ کر دیا ہے اور ان کے ملنے والوں سے رابطہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ تا کہ ان کے بھی ٹیسٹس کیے جائیں۔