رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

12:03 31.12.2020

پاکستان میں کرونا سے مزید 58 اموات، مزید 2475 کیس رپورٹ

پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 58 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2475 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 39695 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ اب تک مجموعی طور پر 66 لاکھ 96 ہزار ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں 2206 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔

پاکستان میں وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 10 ہزار 105 ہو گئی ہے۔

11:56 31.12.2020

کرونا وائرس کے سبب آسٹریلیا، بھارت ویمن ون ڈے سیریز ملتوی

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان اگلے ماہ شیڈول ویمن ون ڈے سیریز کرونا وائرس کے سبب اگلے سیزن تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ اس بات کا اعلان کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جمعرات کو کیا گیا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا بھارتی خواتین کی میزبانی تین اضافی ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کے ساتھ اگلے سیزن میں کرے گا۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا تھا کہ ہمیں رواں موسمِ گرما میں بھارت کے ساتھ کھیلنے کی امید تھی۔ تاہم عالمی وبائی مرض کے باعث ایسا ممکن نہیں ہے لہذا اسے اگلے سیزن تک ملتوی کرنا ناگزیر تھا۔

بھارت کی مینز کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہے۔ اس دورے میں دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

آسٹریلیا نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں مارچ میں ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں بھارتی ٹیم کو شکست دی تھی۔

11:51 31.12.2020

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں بھی وائرس کی نئی قسم کا کیس رپورٹ

امریکہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثرہ دوسرا کیس سامنے آ گیا ہے جس کی باقاعدہ تصدیق کر دی گئی ہے۔

نیا کیس ریاست کیلی فورنیا سے رپورٹ ہوا ہے جب کہ اس سے قبل پہلا کیس کولوراڈو میں سامنے آیا تھا۔

ماہرین کی رائے میں یہ کیس اس جانب واضح اشارہ ہے کہ امریکہ میں نئی قسم تیزی سے پھیل سکتی ہے۔

کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی سے گفتگو کے دوران اعلان کیا کہ تصدیق شدہ نئے کیس کا تعلق جنوبی کیلی فورنیا سے ہے۔

اس پر ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ ریاست کے لیے ایسا ہونا کوئی تعجب کی بات نہیں، اس کی پہلے سے توقع تھی۔

یہ اعلان امریکہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثرہ پہلے کیس کے سامنے آنے سے متعلق رپورٹ کے 24 گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔

پہلا تصدیق شدہ کیس کولوراڈو سے رپورٹ ہوا تھا۔ متاثرہ شخص کا تعلق کولوراڈو نیشنل گارڈز سے ہے جسے علاج کی غرض سے نرسنگ ہوم بھیج دیا گیا تھا۔

محکمہ صحت کے حکام نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ دیگر گارڈ بھی کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

15:57 30.12.2020

برطانیہ میں ایسٹرازینیکا ویکسین کی بھی منظوری

برطانیہ دنیا بھر میں آکسفورڈ اور ایسٹرازینیکا کی بنی ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

برطانیہ میں اس سے قبل 'فائزر اور بائیو این ٹیک' کی تیارکردہ ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔ تاہم ایسٹرازینیکا ویکسین کی منظوری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب برطانیہ میں کرونا کی نئی قسم کے انکشاف کے بعد کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

برطانوی حکومت نے پہلے ہی ایسٹرازینیکا کی ایک کروڑ خوراکوں کا آرڈر دے رکھا ہے۔ اس ویکسین کو فائزر کی ویکسین کے برعکس زیادہ کم درجۂ حرارت میں رکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کے استعمال کی منظوری متعلقہ محکموں سے مشاورت کے بعد دی گئی ہے۔

آکسفورڈ اور ایسٹرازینیکا کی تیارکردہ ویکسین کی برطانیہ میں منظوری کے بعد دنیا میں اب تک تین کمپنیوں کی تیارکردہ ویکسین کی منظوری دی جا چکی ہے جن میں فائزر اور موڈرنا کی ویکسیز بھی شامل ہیں۔

برطانوی حکام پراُمید ہیں کہ موسمِ بہار تک بڑی تعداد میں لوگوں کو ویکسین لگا کر اس مہلک وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG