ملائیشیا: دارالحکومت اور پانچ ریاستوں میں 14 روزہ محدود لاک ڈاؤن کا اعلان
ملائیشیا کے وزیرِ اعظم محی الدین یاسین نے ملک میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر دارالحکومت کوالالمپور سمیت پانچ ریاستوں میں 14 دن کے لیے محدود لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کا آغاز بدھ سے ہو گا۔
ملائیشیا گزشتہ سال مارچ میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت پابندیاں عائد کرنے والے ممالک میں شامل تھا جس سے پہلی لہر کے دوران وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی تاہم ملک کو معاشی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سخت پابندیاں نہ لگائی گئیں تو ملائیشیا میں مئی تک یومیہ کیسز کی تعداد آٹھ ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
پیر کو براہ راست نشر ہونے والے اپنے خطاب میں ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمارے اسپتالوں پر دباؤ بہت بڑھ گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے ملائیشیا میں یومیہ کیس تین ہزار سے تجاوز کر گئے تھے جب کہ مجموعی کیسز ایک لاکھ 38 ہزار جب کہ اس مہلک وائرس سے 555 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا کیسز نو کروڑ سے متجاوز
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد نو کروڑ سے بڑھ گئی ہے جب کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں سر اُٹھانے والی کرونا کی نئی قسم کا مقابلہ کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
حالیہ دو ماہ کے دوران دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گزشتہ 48 روز کے دوران مجموعی کیسز کے ایک تہائی رپورٹ ہوئے۔
یورپ جہاں مجموعی کیسز کی تعداد گزشتہ ہفتے ڈھائی کروڑ سے بڑھ گئی تھی کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
دنیا بھر میں کرونا سے اب تک 19 لاکھ 36 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 32 اموات
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 32 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 10 ہزار 676 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز 34 ہزار 524 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1877 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
عالمی وبا سے متاثر ہونے والے 2286 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے پانچ لاکھ چار ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
میکسیکو: کرونا وائرس کی نئی قسم کا پہلا کیس رپورٹ
میکسیکو کے شمالی علاقے میں صحت کے حکام نے کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر پہلے کیس کی تصدیق کر دی ہے۔
کرونا وائرس کی نئی قسم کا پہلا کیس برطانیہ میں سامنے آیا تھا اور اب میکسیکو نے بھی پہلی مرتبہ اپنے ملک میں اس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔
صحت کے حکام کے مطابق 29 دسمبر کو میکسیکو سٹی سے امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر واقع شہر میٹا موروس آنے والے 56 سالہ برطانوی شہری میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص ہوئی تھی۔
میکسیکو کی وزارتِ صحت میں ایپی ڈیمیلوجی کے سربراہ جوز لوئس الومیا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثرہ شخص ایک روز قبل ایمسٹرڈیم سے نیو میکسیکو سٹی پہنچا تھا جس کے وہاں پہنچنے پر کرونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔