پاکستان: تعلیمی ادارے کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق حتمی اعلان آج ہو گا
پاکستان میں تعلیمی ادارے کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق فیصلے کے لیے جمعے کو وزرائے تعلیم اور صحت کے ماہرین کا اجلاس ہو گا۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم کے علاوہ معاون خصوصی برائے صحت بھی شریک ہوں گے۔
شفقت محمود نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ اسکول کھولنے کے خواہش مند ہیں لیکن حتمی فیصلہ صحت کی بنیاد پر ہی کیا جائے گا۔
ان کے بقول طلبہ کی صحت اولین ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ آخری مرتبہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم میں وزارتِ صحت کی سفارش کی روشنی میں 18 جنوری سے نویں سے بارہویں، 25 جنوری سے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ ہوا تھا۔
اسی طرح جامعات میں یکم فروری سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ 15 جنوری کو ایک مشاورتی اجلاس کے دوران صحتِ عامہ کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی اعلان کریں گے۔
جرمنی میں ریکارڈ یومیہ اموات، لاک ڈاؤن کے قواعد پر تنقید
جرمنی کے ڈیزیز کنٹرول کے ایجنسی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کے قواعد میں کئی خامیاں ہیں۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب جرمنی میں وبا سے اموات کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اور یومیہ اموات کی ریکارڈ تعداد سامنے آ رہی ہے۔
رابرٹ کوچ انسٹیٹیوٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں جرمنی میں وبا سے 1244 افراد ہلاک ہوئے ہیں جو کہ ایک دن میں ہلاک ہونے والوں کی ریکارڈ تعداد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں وبا سے اب تک 43 ہزار 881 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انسٹیٹیوٹ کے سربراہ لوتھر ویلر کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار سے واضح ہو رہا ہے کہ جرمنی لوگ وبا کی پہلی لہر کے مقابلے میں دوسری لہر کے دوران ایک مقام سے دوسرے مقام تک زیادہ سفر کر ہے ہیں جس کی وجہ سے زیادہ تیزی سے لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔
جرمنی میں حکام نے وبا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سماجی رابطوں پر پابندی، بڑے تعلیمی اداروں کی بندش اور سفر پابندیاں عائد کی ہیں البتہ ملک بھر میں بندشوں کا اطلاق یکساں نہیں ہے۔
امریکہ میں مزید 3959 افراد ہلاک
امریکہ میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید لگ بھگ چار ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مزید تین ہزار نو سو 59 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی اموات 3 لاکھ 84 ہزار 794 ہو گئی ہیں۔
نومبر کے وسط سے امریکہ میں وبا کے باعث ہلاکتوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور حالیہ ہفتوں میں کئی بار ریکارڈ یومیہ اموات بھی ہوئی ہیں۔
امریکہ میں منگل کو 4462 اموات ہوئی تھیں جو کہ وبا کے آغاز سے اب تک ایک دن میں ہلاک ہونے والے افراد کی ریکارڈ تعداد ہے۔
امریکہ میں ایک کروڑ افراد کی کرونا ویکسی نیشن لگا دی گئی
امریکہ میں شہریوں کو کرونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے اور اب تک ایک کروڑ سے زائد امریکیوں کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکہ میں صحتِ کے نگران ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) نے تصدیق کی ہے کہ ایک کروڑ امریکیوں کو ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جا چکی ہے۔
امریکہ میں ویکسین لگانے کا عمل ابتداً سست روی کا شکار تھا، کیوں کہ پہلے صرف طبی عملے کو ہی ترجیحاً ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے ریاستوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ 65 سال سے زائد عمر کے ہر فرد کو ویکسین لگا سکتے ہیں۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا نے اس ہدایت نامے کے بعد پہل کرتے ہوئے 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ریاستی گورنر کا کہنا ہے کہ ریاست میں ایسے 66 لاکھ افراد کا ڈیٹا مرتب کر لیا گیا ہے جو 65 سال سے زائد ہیں۔
امریکہ میں حکام اس توقع کا اظہار کر رہے ہیں کہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کی اجازت ملنے کے بعد ویکسی نیشن مہم میں مزید تیزی آئے گی۔