صدر بائیڈن کے کرونا بحران سے نمٹنے کے لیے نئے احکامات پر دستخط
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کرونا بحران سے نمٹنے کے لیے نئے احکامات جاری کر دیے ہیں جس کے تحت مسافروں کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں جمعرات کو صحافیوں کے سامنے صدر بائیڈن نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے 198 صفحات پر مشتمل منصوبے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر نائب صدر کاملا ہیرس اور کرونا وائرس پر صدر بائیڈن کے مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی بھی موجود تھے۔
صدر بائیڈن کے منصوبے کے تحت بیرونِ ملک سے امریکہ سفر کرنے والے ہر مسافر کو ثابت کرنا ہو گا کہ اس کا کرونا ٹیسٹ منفی ہے۔
اسی طرح اندرونِ ملک چلنے والی پروازوں، بسوں اور ٹرینوں میں سفر کرنے والے افراد پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
امریکہ میں گزشتہ ہفتے مزید 9 لاکھ افراد بے روزگار ہو گئے
امریکہ میں بے روزگاری الاؤنس لینے والوں کی تعداد بدستور بڑھ رہی ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے الاؤنس لینے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ ملک میں کرونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ ہے۔ جو دنیا کی سب سے بڑی معیشت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے مزید نو لاکھ کارکنوں نے ملازمت سے بر طرفیوں کے بعد بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواستیں دائر کی ہیں۔ تاہم یہ تعداد اس سے ایک ہفتہ قبل کی ترمیم شدہ تعداد سے 26 ہزار کم ہے۔
دو ہفتے قبل سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دسمبر میں امریکی کاروباروں نے اپنے ایک لاکھ 40 ہزار کارکنوں کو فارغ کیا۔ جو ملک میں کرونا وائرس کی دوسری لہر شروع ہونے کے بعد روزگار کے مواقع میں سب سے بڑی گراوٹ تھی۔
امریکہ میں وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید اقدامات
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نےکرونا وائرس کے پھیلاؤ کے روکنے کی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے جمعرات کو نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ جن میں مرض سے بچاؤ کی ویکسین اور ساز و سامان کی فراہمی میں اضافہ کرنا بھی شامل ہے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات سے کاروبار اور تعلیمی اداروں کو محفوظ انداز میں کھولنے میں مدد ملے گی۔
صدر نے دس نئے احکام جاری کیے ہیں تا کہ وبا کی ٹیسٹنگ کو بڑھایا جائے گا۔ ملک میں اگلے ایک ماہ کے دوران 100 کمیونٹی ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
پاکستان میں لگ بھگ 35 ہزار افراد زیرِ علاج
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ زیرِ علاج افراد کی تعداد 34 ہزار 316 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1745 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 28 ہزار 891 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ مریضوں میں سے چار لاکھ 82 ہزار 771 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ 11 ہزار 204 کی موت واقع ہوئی ہے۔
یوں ملک بھر میں اب بھی 34 ہزار 916 افراد زیرِ علاج ہیں۔ حکام کے مطابق زیرِ علاج افراد میں سے 2362 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔