رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

18:55 26.1.2021

پاکستان میں اموات کی تعداد 11 ہزار 376 ہو گئی

پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہزار 376 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا سے مزید 58 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے 77 لاکھ 22 ہزار ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جب کہ گزشتہ روز مزید 42 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے۔

18:52 26.1.2021

پاکستان میں چھ فی صد متاثرہ افراد اب بھی زیرِ علاج

پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ چھ فی صد افراد کا علاج ابھی جاری ہے۔ جن میں سے دو ہزار 228 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے پانچ لاکھ 35 ہزار 914 افراد متاثر ہوئے تھے جن میں سے 91.5 فی صد یعنی چار لاکھ 90 ہزار 126 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ 2.12 فی صد مریضوں کی موت ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب بھی 6 فی صد یعنی 34 ہزار 412 افراد اب بھی زیرِ علاج ہیں۔ جن میں سے 2228 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔

17:17 25.1.2021

بنگلہ دیش نے بھارت سے ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں حاصل کر لیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بنگلہ دیش نے بھارت میں ایسٹرازیینکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین بنانے والے ادارے سے کرونا ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں حاصل کر لی ہیں۔

بنگلہ دیش نے بھارت کے سیرم انسٹیٹیوٹ سے تین کروڑ خوراکوں کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔

پیر کو بنگلہ دیش کی ایک کمپنی 'بیکسیمو فارماسوٹیکل' نے بھارت سے 50 لاکھ خوراکوں کی پہلی کھیپ وصول کی ہے۔

بیکسیمو کے مینیجنگ ڈائریکٹر نظم الحسن نے کہا ہے کہ یہ ویکسین حکام کو فراہم کی جائے گی اور ملک بھر میں اس کی ترسیل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو بھارت نے ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں تحفتاً بھی دی ہیں جو گزشتہ جمعرات کو بنگلہ دیش نے وصول کی تھیں۔ پیر کو حاصل ہونے والی 50 لاکھ خوراکیں بنگلہ دیش نے خریدی ہیں۔

بنگلہ دیش میں بھی ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائے گی۔

14:32 25.1.2021

میکسیکو کے صدر کرونا وائرس کا شکار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

میکسیکو کے صدر آندریس مینوئیل لوپیز اوبراڈور بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق میکسیکو کے صدر نے اتوار کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کردہ بیان میں 'کووڈ 19' کا شکار ہونے کی تصدیق کی۔

آندریس مینوئیل نے کہا ہے کہ ان میں کرونا وائرس کی علامات درمیانی درجے کی ہیں اور وہ زیرِ علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ کرونا وبا سے صحت یاب نہیں ہو جاتے، ان کی جگہ وزیرِ داخلہ اولگا سانچیز نیوز کانفرنس کریں گے۔

واضح رہے کہ آندریس مینوئیل عام طور پر روزانہ دو گھنٹے کی نیوز کانفرنس بغیر وقفے کے کرتے ہیں۔

حکام کے مطابق میکسیکن صدر کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اپنے گھر پر ہی قرنطینہ میں ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG