کیا کرونا ویکسینز حاملہ خواتین کے لیے محفوظ ہیں؟
کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تیار کردہ ویکسینز کو تجربات کے دوران حاملہ خواتین پر نہیں آزمایا گیا۔ تحقیق کے مطابق کرونا وائرس حاملہ خواتین کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین حاملہ خواتین کو کیا مشورہ دے رہے ہیں اور کیا کرونا ویکسینز ان کے استعمال کے لیے محفوظ ہیں؟ جانیے صبا شاہ خان سے۔
پاکستان میں پانچ لاکھ متاثرہ افراد صحت یاب
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے پانچ لاکھ سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 1220 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 47 ہزار 648 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے متاثرہ پانچ لاکھ دو ہزار 537 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
آسٹریلیا: کرونا کا ایک کیس رپورٹ ہونے پر پرتھ میں لاک ڈاؤن
آسٹریلیا نے ملک کے مغربی شہر پرتھ میں کرونا وائرس کا ایک کیس سامنے آنے کے بعد 20 لاکھ آبادی والے شہر میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ایک ہوٹل کے سیکیورٹی گارڈ میں وائرس کی تشخیص کے بعد پرتھ میں پانچ روز کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
متاثرہ سیکیورٹی گارڈ جس ہوٹل میں تعینات تھا اسے قرنطینہ سینٹر میں تبدیل کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ سے 66 افراد کا رابطہ ہوا اور ان میں سے کوئی بھی شخص کرونا کا شکار نہیں ہوا تھا۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا میں سرحدوں کی بندش اور سخت پابندیوں کے باعث کرونا کیسز اور اموات کی شرح دیگر ملکوں کے مقابلے میں کم ہے۔ عالمی وبا سے آسٹریلیا میں اب تک 909 اموات اور لگ بھگ 29 ہزار کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
پاکستان 'ایسٹرازینیکا' ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں حاصل کرے گا
حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آکسفرڈ یونیورسٹی اور ایسٹرازینیکا کی تیارکردہ کرونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں حاصل کرے گی۔ یہ ویکسین عالمی ادارۂ صحت کے 'کوویکس' پروگرام کے تحت پاکستان کو ملیں گی۔
ادھر چین کی جانب سے عطیہ کی جانے والی ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان ایئر فورس کا طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا۔ ابتداً یہ ویکسین طبی عملے اور فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی۔
وزیرِ اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ویکسین کی 70 لاکھ خوراکیں مل جائیں گی جب کہ باقی ماندہ خوراکیں دوسری سہ ماہی کے اختتام تک دستیاب ہوں گی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے پاکستان میں ویکسی نیشن پروگرام کا آغاز ہو جائے گا۔
پاکستان میں مجموعی طور پر کرونا وبا کنٹرول میں ہے۔ تاہم ملک میں اب تک پانچ لاکھ 46 ہزار سے زائد کیس جب کہ 11 ہزار 683 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔