جنوری میں امریکہ میں یومیہ اوسطاََ تین ہزار سے زائد اموات
امریکہ میں جنوری کرونا وائرس کے حوالے سے ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے۔
امریکہ کے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق جنوری میں امریکہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ جب کہ جنوری میں وبا سے مزید 95 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری کا مہینہ امریکہ میں وبا کے حوالے سے ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے اور یومیہ اوسطاََ تین ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ میں وبا کے پھیلاؤ میں معمولی کمی آئی ہے البتہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ویکسی نیشن سے اس میں مزید کمی ہو گی۔
پاکستان میں ویکسی نیشن کا آغاز
پاکستان میں وزیرِ اعظم عمران خان کی موجودگی میں ڈاکٹر کو ویکسین کا انجیکشن لگا کر ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔
انہوں نے ویکسین کی فراہمی پر چین کا بھی شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی موجودگی میں پاکستان میں کرونا ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بدھ کو تمام صوبائی دارالحکومت میں قومی کرونا ویکسی نیشن مہم شروع ہو جائے گی۔
وفاقی وزیر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ کرونا ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز یعنی طبی عملے کو لگائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو چین نے پانچ لاکھ ویکسین کی خوراکیں عطیہ کی ہیں۔ جو کہ خصوصی طیارے کے ذریعے پیر کو پاکستانی لائی گئی ہیں۔
پاکستان میں متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے ٹیسٹ 80 لاکھ سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی مجموعی تعداد 80 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔.
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 ہزار 813 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ٹیسٹس کی مجموعی تعداد 80 لاکھ 5 ہزار 794 ہو گئی ہے۔
حکومت کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 3.1 فی صد رہی۔
برطانیہ میں کرونا وائرس کی جنوبی افریقی قسم کے 105 کیسز رپورٹ
برطانیہ میں کرونا وائرس کی جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی نئی قسم کے 105 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 11 کیسز ایسے ہیں جن کا بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
برطانیہ کے وزیرِ صحت میٹ ہینکوک نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا وائرس کی جنوبی افریقی قسم ملک میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ تاہم اب تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس کی بنیاد پر یہ کہا جائے کہ وائرس کی یہ قسم مہلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کرونا وائرس کی نئی قسم پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں حکام نے متاثرہ علاقوں کے 80 ہزار رہائشیوں کے ٹیسٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔