رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

20:15 8.2.2021

چین میں مقامی سطح پر دو ماہ بعد کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا: حکام

چینی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں دو ماہ بعد کرونا وائرس کی مقامی سطح پر منتقلی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

چین میں اتوار کو کرونا کے 14 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ تاہم یہ کیسز باہر سے آنے والے افراد میں سامنے آئے تھے۔

خیال رہے کہ سب سے پہلے چین کے شہر ووہان میں 2019 کے اختتام میں کرونا کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد وبا اب تک پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔

چین میں اب تک 89 ہزار سے زائد کیسز جب کہ 4636 اموات ہو چکی ہیں۔ دنیا بھر میں اب تک کرونا کے 10 کروڑ سے زائد کیسز جب کہ 20 لاکھ سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

18:43 8.2.2021

بھارت کا افغانستان کو کرونا ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکوں کا عطیہ

افغانستان نے بھارت سے آنے والے کرونا ویکسین وصول کر لی ہے۔ نئی دہلی نے کابل کو ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں عطیہ کی ہیں۔

بھارت کے 'سیرم انسٹی ٹیوٹ' میں تیار ہونے والی 'ایسٹرازینیکا' کی ویکسین کی خوراکیں اتوار کو بھارت سے کابل پہنچیں۔ یہ افغانستان پہنچنے والی پہلی ویکسین تھی۔

لیکن افغانستان کو ویکسین کے استعمال کے لیے عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے منظوری کا انتظار ہے۔

افغانستان کی وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کی خوراکیں کابل میں ہی محفوظ رکھی جائیں گی جب تک عالمی ادارے کے جانب سے اس کے ہنگامی استعمال کی منظوری نہ مل جائے۔ حکام کو امید ہے کہ یہ منظوری ایک ہفتے میں مل جائے گی۔

12:55 8.2.2021

جنوبی افریقہ میں ویکسی نیشن مہم منسوخ

کرونا وائرس ویکسین۔ (فائل فوٹو)
کرونا وائرس ویکسین۔ (فائل فوٹو)

جنوبی افریقہ نے آئندہ چند کے دوران ملک بھر میں شروع ہونے والی ایسٹرا زینیکا ویکسین لگانے کی مہم منسوخ کر دی ہے۔

جنوبی افریقہ نے کرونا وائرس کی نئی قسم کے خلاف ایسٹرازینیکا ویکسین کی کم فعالیت کے باعث ویکسی نیشن مہم منسوخ کی ہے۔

جوہانسبرگ کی ایک یونیورسٹی کے مطالعے کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ دوا ساز کمپنی ایسٹرازینیکا کی تیار کردہ ویکسین جنوبی افریقہ میں پائی جانے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے خلاف صرف 22 فی صد کارگر ہے اور نوجوانوں کو عالمی وبا سے بچانے کے لیے ویکسین کے نتائج بھی محدود ہیں۔

جنوبی افریقہ میں آئندہ چند روز کے دوران لاکھوں افراد کو ایسٹرازینیکا کی تیار کردہ ویکسین دی جانی تھی۔

دوسری جانب ایسٹرازینیکا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی قسم کے انسداد کے لیے ایک اور ویکسین تیار کی جا رہی ہے جو موسمِ خزاں تک آنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ میں پائی جانے والی کرونا وائرس کی نئی قسم امریکہ سمیت 32 دیگر ملکوں میں موجود ہے۔

کرونا وائرس سے جنوبی افریقہ میں اب تک 46 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

19:47 7.2.2021

امریکہ میں کرونا کے پیشِ نظر 'سپر باؤل' کے دوران لوگوں کو محتاظ رہنے کی اپیل

امریکہ میں ہر سال فروری کے پہلے اتوار منعقد ہونے والا 'سپر باؤل' امریکی قومی فٹ بال لیگ (این ایف ایل) کا محض نقطۂ عروج ہی نہیں، بلکہ اس کھیل کے شائقین اور عوام کے لیے جوش و خروش سے دیکھا جانے والا ایک جشن کا سماں بھی ہوتا ہے۔ تاہم کرونا وبا کے باعث حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ ایونٹ 'سپر اسپریڈر' بن سکتا ہے۔

'کینسس سٹی چیفس' اور 'ٹمپا بے بکنیئرز' کے درمیان اتوار کی شام ہونے والے مقابلے سے پہلے حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اکٹھے ہو کر مقابلہ دیکھنے کے بجائے آن لائن ایپ 'زوم' پر ہی یہ مقابلہ دیکھیں اور لطف اندوز ہوں۔ تاکہ لوگوں کو اس مہلک وائرس سے زیادہ سے زیادہ محفوظ رکھا جا سکے۔

اس دن امریکہ میں 'تھینکس گیونگ' کے تہوار سے زیادہ کھانے پینے کی اشیا استعمال کی جاتی ہیں اور سپر باؤل کئی سالوں سے سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ایونٹ ہے۔

یوں کھیل کا یہ مقابلہ امریکی ثقافت میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ اس سال فلوریڈا ریاست کے شہر ٹیمپا میں چیمپئن شپ کا یہ مقابلہ گزشتہ سال سے کہیں مختلف حالات میں منعقد ہو رہا ہے اور اس کی وجہ کرونا وائرس کے سبب لگائی گئی پابندیاں ہیں جنہوں نے معمولات زندگی اور بڑے اجتماعات کو محدود کر دیا گیا ہے۔

تقریباً ایک سال پہلے امریکہ پہنچنے والے وائرس نے جہاں لوگوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلوں کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے پر مجبور کر دیا، وہیں گزشتہ سال کی انتخابی مہم سمیت کئی مواقع پر لوگوں نے بے احتیاطی کی اور یوں بڑے اجتماعات، اس عالمی وبا کے امریکہ میں مزید پھیلنے کا سبب بنے۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG