پاکستان میں کرونا سے مزید 26 اموات، 1048 نئے کیس
پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 1048 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 64 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
پاکستان میں مزید 26 اموات کے بعد مجموعی اموات 12333 ہو گئی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں اب تک کرونا کے 84 لاکھ 66 ہزار سے زائد ٹیسٹس کیے جا چکے ہیں۔ ملک میں انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں 1680 مریض زیرِ علاج ہیں۔
پاکستان میں وبا سے اب تک پانچ لاکھ 25 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ادھر حکومتِ پاکستان نے 65 سال سے زائد معمر افراد کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
امریکہ میں کرونا کیسز میں مسلسل کمی
امریکہ میں گزشتہ کئی روز سے کرونا کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ دسمبر میں امریکہ میں دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے تھے اب یومیہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے کم ہو گئی ہے۔
البتہ، حکام کا کہنا ہے کہ گو کہ وبا کی شدت میں کمی آ رہی ہے، لیکن امریکہ اس پر قابو پانے سے بہت دُور ہے۔
امریکی ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ وبا کی شدت کم ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ عوام احتیاطی تدابیر چھوڑ دیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام کو ماسک کی پابندی، سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر کا سلسلہ جاری رکھنا ہو گا۔
امریکہ میں اب تک کرونا کے دو کروڑ 76 لاکھ سے زائد کیس جب کہ چار لاکھ 84 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
پاکستانی لیب 'اسپتنک فائیو' کرونا ویکسین کمرشل بنیادوں پر لگائے گی
پاکستان میں ایک نجی لیب بہت جلد روس کی تیار کردہ'اسپتنک فائیو' کرونا ویکسین درآمد کرے گی جسے کمرشل بنیادوں پر عوام کو لگایا جائے گا۔
خیال رہے کہ سرکاری سطح پر ویکسی نیشن کے علاوہ حکومتِ پاکستان نے نجی شعبے کو بھی ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
پاکستان کی بڑی نجی ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں شمار ہونے والی 'چغتائی لیب' کے ڈائریکٹر عمر چغتائی نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ ویکسین کی ہزاروں خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ انہیں اگلے ہفتے تک مل جائے گی۔
وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق وہ اس معاہدے سے براہ راست آگاہ نہیں ہیں۔
پاکستان دنیا کے اُن پہلے ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا جہاں سرکاری سطح کے علاوہ نجی شعبہ کمرشل بنیادوں پر ویکسین لگائی جائے گی۔
پاکستان میں کمرشل بنیادوں پر ویکسین کی فروخت اور ممکنہ طور پر زیادہ قیمت کی وجہ سے بعض حلقوں کی جانب سے تنقید بھی سامنے آئی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ 22 کروڑ آبادی والا ملک جس کا بڑا حصہ کم آمدنی والے طبقات پر مشتمل ہے، یہاں ہر کسی کے لیے ویکسین خریدنا ممکن نہیں ہو گا۔
مقامی سطح پر تین نئے کیس، آکلینڈ میں تین روزہ لاک ڈاؤن
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے مقامی سطح پر کرونا کے تین نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں تین روزہ لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔
جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ آکلینڈ میں لیول تھری پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کے تحت شہریوں کو صرف ضروری کام اور اشیا کی خریداری کے لیے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔
یہ اسی نوعیت کی پابندیاں ہیں جو نیوزی لینڈ نے گزشتہ سال وبا کے آغاز پر نافذ کی تھیں۔
وزیرِ اعظم آرڈرن کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم نے ماضی میں اس وائرس کو شکست دی اس بار بھی ملک کر اسے شکست دیں گے۔
نیوزی لینڈ کے 50 لاکھ شہریوں کو کرونا ویکسین لگانے کا آغاز 20 فروری سے ہو رہا ہے۔ نیوزی لینڈ کو 'فائزر' کی تیارکردہ ویکسین کی خوراکیں موصول ہو گئی ہیں۔