رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

17:00 16.2.2021

کرونا ویکسی نیشن: امریکی طلبہ ترجیحی فہرست میں نیچے

امریکہ میں کرونا وبا سے بچاؤ کے لیے ملک گیر ویکسی نیشن مہم جاری ہے۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ کالج اور یوینورسٹیز میں زیرِ تعلیم طلبہ کو ویکسین کے لیے ترجیحی فہرست میں نیچے رکھا جائے گا۔

البتہ، حکام کا کہنا ہے کہ ایسے نوجوان طلبہ جو میڈیکل کے شعبے یا فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہیں یا کسی موذی مرض کا شکار ہیں تو اُنہیں یہ ویکسین ترجیحی بنیادوں پر لگائی جائے گی۔

امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ نوجوان طلبہ کو اپریل سے قبل ویکسین نہیں لگائی جا سکے گی۔

امریکہ میں اب تک کرونا کے دو کروڑ 70 لاکھ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ اس مہلک وائرس سے اب تک چار لاکھ 84 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔

امریکہ میں اب تک پانچ کروڑ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ ابتداً طبی عملے اور معمر افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

19:40 15.2.2021

کرونا وبا جلد ختم نہیں ہو گی تاہم ویکسین اہم ہے: ماہرین

ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وبا جلد ختم ہونے والی نہیں بلکہ اس کی بدلتی ہوئی اقسام انسانوں کے درمیان موجود رہیں گی۔

البتہ، سائنس دان متفق ہیں کہ 20 لاکھ سے زائد افراد کی جانیں لینے والی اس وبا کا مقابلہ کرنے لیے ویکسی نیشن کی بہت اہمیت ہے۔

بھارت کے معروف ماہرِ صحت ڈاکٹر جیکب جان نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا کہ کرونا، پولیو اور چیچک کی طرح ہی ایک بیماری ہے جس کے ساتھ اب انسانوں کو جینا ہو گا۔

ادھر دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا ویکسی نیشن مہم جاری ہے۔ افریقی ملک زمبابوے کو بھی پیر کو چین کی 'سائنو فارم' کرونا ویکسین کی دو لاکھ خوراکیں موصول ہو گئی ہیں۔ یہ خوراکیں چین نے عطیہ کی ہیں۔ تاہم زمبابوین حکام کا کہنا ہے کہ وہ مزید چھ لاکھ خوراکیں خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔


19:28 15.2.2021

برطانیہ: ہائی رسک ممالک سے آنے والوں کو 10 روز تک قرطینہ میں رہنا ہو گا

برطانیہ نے کرونا وائرس سے زیادہ متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو 10 روز تک قرنطینہ میں رہنے کی شرط عائد کر دی ہے۔ ان ممالک میں جنوبی افریقہ، زمبابوے، جنوبی امریکہ کے کئی ممالک بشمول برازیل، متحدہ عرب امارات، تنزانیہ شامل ہیں۔

برطانوی حکام کے مطابق یہ پابندی برطانوی شہریوں یا مستقل ویزہ رکھنے والے افراد پر بھی لاگو ہو گی۔ مسافروں کو حکومت کے منظورہ شدہ ہوٹلز میں 10 روز قیام کرنا ہو گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے برطانیہ کے مختلف شہروں کے ہوائی اڈوں کے قریب 16 ہوٹلز کے ساتھ پانچ ہزار کمروں کے معاہدے کیے گئے ہیں۔ 10 روزہ قیام کے لیے مذکورہ شخص کو دو ہزار یوروز ادا کرنا ہوں گے جن میں کھانا، ٹرانسپورٹیشن، سیکیورٹی، ٹیسٹںگ سمیت دیگر سہولیات دی جائیں گی۔

برطانیہ نے یہ اقدامات وائرس کی نئی قسم کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیے ہیں۔

15:48 15.2.2021

پاکستان: معمر افراد کے لیے کرونا ویکسین کی رجسٹریشن، کیا ہر فرد کو ویکسین مفت ملے گی؟​


حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں 65 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے کرونا ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ایسے موقع پر ہوا ہے جب حکومت نے نجی شعبے کو ویکسین کی خریداری اور درآمد کی اجازت دی ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ملک بھر میں 65 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر میسج کر کے کرونا ویکسی نیشن کے لیے رجسٹر کرا سکتے ہیں۔

اسد عمر کے بقول معمر افراد کو کرونا ویکسی نیشن کا عمل مارچ میں شروع کیا جائے گا۔

پاکستان کی وزارتِ صحت نے گزشتہ ہفتے نجی شعبے کو ویکسین کی خریداری کی اجازت دی تھی جس کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ حکومت شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کے وعدے سے دست بردار ہو گئی ہے۔

ویکسین کی سرکاری سطح پر قیمت لاگو کیے بغیر نجی شعبے کو اس کی فروخت کی اجازت دیے جانے پر حکومت کو تنقید کا بھی سامنا ہے۔

تاہم وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کو ویکسین کی درآمد کی اجازت کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ حکومت مفت ویکسین مہیا کرنے کے وعدے سے دستب ردار ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ حکومت نجی شعبے کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دی گئی اور ویکسین کی دستیابی کے ساتھ ہی اس کی قیمت مقرر کر دی جائے گی۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت ہر بالغ شہری کو ویکسین کی فراہمی کے لیے منصوبہ بندی کے لیے سرگرم ہے اور اس وعدے کو یقینی بنانے کے لیے درکار بجٹ پہلے سے مختص ہے۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG