فن لینڈ: کیسز بڑھنے کے سبب مقامی حکومتوں کے انتخابات ملتوی
فن لینڈ نے ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے باعث آئندہ ماہ مقامی حکومتوں کے لیے ہونے والے انتخابات وسطی جون تک ملتوی کر دیے ہیں۔
ملک میں کرونا کیسز کے بڑھنے کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انتخابات کے دن وائرس کے کیسز میں زیادہ تیزی سے اضافے کے خطرے کے پیش نظر ووٹرز کی تعداد پر اثر پڑ سکتا ہے۔
وزیر انصاف آنا مایا ہینریکسن نے کہا ہے کہ اس بات کا خطرہ بہت زیادہ تھا کہ انتخابات ناکام ہو جائیں گے۔
ملک کی پارلیمنٹ میں 10 میں سے نو سیاسی جماعتوں نے اس فیصلے سے اتفاق کیا ہے۔
ملک میں 61 ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر اور 767 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
یورپی یونین امریکہ میں بنائی گئی ایسٹرا زینیکا ویکسین تک رسائی کی خواہش مند
یورپی یونین امریکہ میں بننے والی ایسٹرا زینیکا ویکسین کی یورپ درآمد کی خواہش مند ہے۔
اخبار 'دی فنانشل ٹائمز' کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپی یونین امریکہ میں بننے والی ایسٹرا زینیکا ویکسین کی لاکھوں خوراکوں کی یورپ درآمد کی اجازت مانگے گا۔
اخبار کے مطابق یہ اقدام ویکسین کی رسد میں کمی کو ختم کرنے کی کوششوں میں سے ایک ہے۔
یورپی یونین یہ بھی چاہتی ہے کہ امریکہ ویکسین کی پیداوار کے لیے ضروری اجزا کی یورپ برآمد کو آسان بنائے۔
رپورٹ کے مطابق کمیشن کو امید ہے کہ امریکہ ویکسین بنانے والی کمپنیوں کے یورپ کے ساتھ معاہدوں کا احترام کرے گا۔
سعودی عرب میں اتوار سے کرونا وائرس کے باعث عائد پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ
سعودی عرب اتوار سے کرونا وائرس کے باعث عائد پابندیاں ہٹا رہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق سنیما دوبارہ کھولنے، انٹرٹینمنٹ کی سرگرمیاں، محافل بحال اور گھروں میں دعوتوں کی اجازت دی جائے گی.
'ایس پی اے' نے وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کچھ سرگرمیوں پر ابھی بھی پابندی رہے گی جن میں شادیوں اور کمپنیوں کے بڑے اجلاس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سماجی محافل میں زیادہ سے زیادہ 20 افراد کی تعداد کی حد برقرار رہے گی۔
روس میں کرونا وائرس کے 11 ہزار نئے کیس
روس میں کرونا وائرس کے 11 ہزار 22 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جب کہ مقامی سطح پر تیار ویکسین بھی لگانے کا عمل جاری ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہفتے کو سامنے آنے والے کیسز میں سے 1820 کیسز دارالحکومت ماسکو میں ریکارڈ ہوئے۔
حکومت کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کے مطابق ہفتے کو ملک میں کرونا وائرس کی وجہ سے 441 ہلاکتیں ہوئیں۔
ملک میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے کل افراد کی تعداد 43 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 88 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب روس میں تیار کی گئی ویکسین دیگر ممالک بھی خرید رہے ہیں۔ حکام کے مطابق 45 ممالک ویکسین خریدنے کی منظوری دے چکے ہیں۔