پاکستان: کیسز بڑھنے پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر پابندیوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے پیر کی صبح ہونے والے اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلنے کا اضافہ بننے والی سرگرمیوں پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے۔
پاکستان میں 3600 سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تین ہزار 669 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ عالمی وبا کے شکار مزید 20 مریض دم توڑ گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 43 ہزار سے زیادہ افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3600 سے زیادہ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد چھ لاکھ 30 ہزار 471 ہو گئی ہے جن میں سے حکام کے مطابق پانچ لاکھ 83 ہزار سے زیادہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اب بھی 2423 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
تائیوان میں کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز
تائیوان میں پیر سے کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہو گیا ہے اور وزیرِ اعظم سو سینگ چینگ نے کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لے لی ہے۔
تائیوان میں کرونا ویکسی نیشن مہم کے لیے برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرازینیکا کی تیار کردہ ویکسین استعمال کی جا رہی ہے۔
ویکسی نیشن مہم کے پہلے مرحلے میں لگ بھگ 60 ہزار ہیلتھ ورکرز کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیشِ نظر تائیوان نے اپنی سرحدیں بند کر دی تھیں اور اب ملک میں کرونا کے صرف 33 مریض زیرِ علاج ہیں۔
بھارت: نومبر کے اوائل کے بعد ریکارڈ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 46 ہزار 951 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سات نومبر 2020 کے بعد بھارت میں رپورٹ ہونے والے یہ ریکارڈ کیسز ہیں۔
بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے سے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کے پیشِ نظر مختلف ریاستوں میں دوبارہ پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں عالمی وبا کے شکار مزید 212 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد لگ 15 ہزار 997 تک پہنچ گئی ہے۔
حکومتی ڈیٹا کے مطابق بھارت میں ایک کروڑ 16 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے اب تک ایک کروڑ 11 لاکھ مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔