رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:55 1.4.2021

فرانس میں عوامی مقامات پر مہ نوشی پر پابندی


فرانس کی حکومت نے کرونا وبا کی نئی لہر کے پیشِ نظر عوامی مقامات بشمول پارکس میں مہ نوشی پر پابندی عائد کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات پر چھ سے زائد افراد کو جمع ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہ پابندیاں فرانسیسی صدر کی جانب سے بدھ کو کیے گئے اعلانات کا حصہ ہیں۔

فرانس کے وزیرِ اعظم نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ پیرس کے مختلف مقامات پر ٹولیوں کی صورت میں شراب نوشی کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس کے بعد یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔

14:18 1.4.2021

کرونا کیسز کے پیشِ نظر اولمپک ٹارچ ریلی منسوخ کرنے کی تجویز

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جاپان کے شہر اوساکا کے گورنر ہیروفومی یوشیمورا نے کرونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے پیشِ نظر اولمپک ٹارچ ریلی منسوخ کرنے کی تجویز دی ہے۔

جاپان سمر اولمپکس کا میزبان ملک ہے جہاں ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 20 جولائی سے ہوگا۔ تاہم اس سے قبل جاپان میں اولمپک ٹارچ ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

تیرہ اور 14 اپریل کو اوساکا میں اولمپک ٹارچ ریلی نکالی جانی ہے۔ لیکن گورنر ہیروفومی یوشیمورا نے ریلی کی صورت میں کرونا کیسز بڑھنے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ اوساکا ایک ماہ قبل ہی کرونا وائرس کی ایمرجنسی کی صورتِ حال سے باہر نکلا ہے، جہاں بدھ کو 599 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو جنوری میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیے جانے والے 654 کیسز کی تعداد کے قریب ہے۔

13:15 1.4.2021

امریکہ کی نامزد سابق نائب صدر سارہ پالن کا کرونا ٹیسٹ مثبت

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی نامزد سابق ری پبلکن نائب صدر اور ریاست الاسکا کی سابق گورنر سارہ پالن کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔

سارہ پالن نے بتایا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے کرونا سے بچاؤ کے لیے عوام کو ماسک پہننے پر بھی زور دیا ہے۔

تاہم یہ بات واضح نہیں ہے کہ 57 سالہ سارہ پالن کا کرونا ٹیسٹ کب مثبت آیا ہے۔

انہوں نے 'پیپلز' میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر کے دیگر افراد کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

13:05 1.4.2021

آسٹریلیا: ایسٹر سے قبل برسبین میں لاک ڈاؤن ختم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کے تیسرے بڑے شہر برسبین میں حکام نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کے روز برسبین میں کرونا وائرس کا صرف ایک کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد پابندیوں کو کم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب چار اپریل کو ایسٹر تہوار کی تعطیلات بھی قریب ہیں۔

حکام کی جانب سے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے تاہم اجتماعات پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔

یاد رہے کہ برسبین میں پیر کو تین روزہ لاک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے گئے تھے جس میں اسکولز، ریستوران اور بارز کو بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG