رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:21 2.4.2021

بھارت میں 45 برس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع

بھارت میں عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر ویکسی نیشن مہم کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے 45 برس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے۔

وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے اپریل میں کرونا ویکسین لگانے والے سرکاری اور نجی مراکز ہر روز بشمول عام تعطیلات کھلے رہیں گے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جب ستمبر میں یومیہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ تک جا پہنچی تھی۔

یاد رہے کہ بھارت میں معمر افراد سمیت دیگر کمزور مدافعت والے چھ کروڑ 50 لاکھ افراد کو ویکسین کی خوراکیں فراہم کی جا چکی ہیں۔ البتہ یہ تعداد جولائی کے اختتام تک حکومت کی جانب سے 30 کروڑ افراد کو ویکسین فراہم کرنے کے حتمی ہدف تک پہنچنے کے لیے کم ہے۔

13:11 2.4.2021

چینی کمپنی سائنووِک کا ویکسین کی پیداوار دُگنی کرنے کا اعلان

چین کی بائیو فارماسوٹیکل کمپنی سائنووِک نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی ویکسین کی سالانہ پیداوار کی گنجائش کو دُگنا کرتے ہوئے دو ارب خوراکیں تیار کی جائیں گی۔

سائنووِک ویکسین کرونا کی ان چار ویکسین میں سے ایک ہے جس کے استعمال کی چین کے حکام نے مشروط منظوری دی ہے۔

قبل ازیں عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین نے کہا تھا کہ دو چینی ویکسین (جن میں سائنووِک کی ویکسین بھی شامل ہے) کے کلینیکل ٹرائلز کے اعداد و شمار کے عبوری تجزیے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ محفوظ اور اچھی افادیت کی حامل ہے اگرچہ مزید اعداد و شمار کی ضرورت ہے۔

سائنووِک کے حالیہ بیان کے مطابق ان کی ویکسین کی 20 کروڑ خوراکیں 20 سے زائد ممالک کو فراہم کی جا چکی ہیں۔

13:02 2.4.2021

جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کی لاکھوں خوراکیں غیر معیاری قرار

امریکہ میں ادویات کے ریگولیٹری ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے کرونا وائرس کے مقابلے کے لیے تیار کی گئی جانسن اینڈ جانسن کمپنی کی ویکسین کی ایک بڑی مقدار غیر معیاری ہونے کے سبب مسترد کر دی ہے۔

بدھ کو سامنے آنے والے حکام کے فیصلے کے مطابق جانسن اینڈ جانسن کی جانب سے جن دس کمپنیوں کو ویکسین بنانے کے لائسنس دیے گئے تھے۔ ان میں سے ایک کمپنی ’ایمرجنٹ بائیو سولوشنز‘ کی جانب سے بنائی گئی ویکسین میں اجزا معیار پر پورا نہیں اترے۔

جانسن اینڈ جانسن نے اعلان کیا تھا کہ وہ مارچ کے آخر تک امریکی حکومت کو کرونا ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں بنا کر دے گی۔ جب کہ مئی کے آخر تک کمپنی نے آٹھ کروڑ خوراکیں حکومت کو سپلائی کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ مئی کے آخر تک تمام بالغ امریکی ویکسین حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

مزید جانیے

12:51 2.4.2021

پاکستان میں وبا کی تیسری لہر میں پہلی بار یومیہ پانچ ہزار کیسز رپورٹ

پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ زیرِ علاج افراد کی تعداد 56 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں وبا سے مزید پانچ ہزار 234 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ جون 2020 کے بعد سامنے آنے والے یومیہ کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے جس کے بعد زیرِ علاج افراد کی تعداد 56 ہزار 347 ہو گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر چھ لاکھ 78 ہزار 165 افراد وبا سے متاثر ہوئے تھے جن میں سے چھ لاکھ سات ہزار 205 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ 14 زار 613 اموات ہوئی ہیں۔

پاکستان میں زیرِ علاج افراد میں سے تین ہزار 384 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG