بھارت میں ایکٹو کیسز کی تعداد 15 لاکھ سے زیادہ
پاکستان میں مزید 110 ہلاکتیں
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 110 اموات اور 5364 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 64 ہزار سے زیادہ کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5364 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ تین ایک فی صد رہی۔
بھارت: مسلسل دوسرے روز دو لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران کرونا وائرس کے دو لاکھ 17 ہزار 353 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت کو کرونا وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے جس کے دوران مسلسل دوسرے روز دو لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ نو روز کے دوران یہ آٹھویں مرتبہ ہے کہ بھارت میں کیسز کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وبا کے شکار مزید 1185 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار 308 تک پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 42 لاکھ سے زیادہ ہے اور عالمی سطح پر امریکہ کے بعد بھارت کرونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے۔
امریکہ میں عالمی وبا سے تین کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
پاکستان: وبا کی تیسری لہر کی شدت برقرار
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت برقرار ہے اور یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وبا کے شکار مزید 118 مریض ہلاک جب کہ 5395 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے 4276 مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد سات لاکھ 39 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے جن میں سے چھ لاکھ 46 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 77 ہزار 294 تک پہنچ گئی ہے۔