پاکستان: 40 برس سے زائد عمر کے افراد ویکسین کے لیے رجسٹرڈ کرا سکیں گے
پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا ہے کہ کل سے 40 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین کے لیے خود کو رجسٹرڈ کرانے کے اہل ہوں گے۔
اسد عمر نے اپیل کی ہے کہ اگر آپ 40 سال یا اس سے زائد عمر کے ہیں تو خود کو رجسٹرڈ کرائیں اور دوسروں کو بھی اس کی حوصلہ افزائی کے لیے کہیں۔
وفاقی وزیر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسی نیشن سینٹر آ کر ویکسین لگانے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
بھارت میں ریکارڈ ساڑھے تین لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین لاکھ 52 ہزار 991 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک روز کے دوران کیسز کی ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں مسلسل پانچویں روز تین لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جب کہ گزشتہ 72 گھنٹوں میں 10 لاکھ کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق وبا کے شکار مزید 2812 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 73 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت کی مدد کے لیے پرعزم ہیں: بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ جس طرح بھارت نے وبا کی ابتدا کے دوران بھارت نے امریکہ کی معاونت کی تھی اسی طرح ہم بھی ضرورت کے اس وقت بھارت کی مدد کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان: اموات اور کیسز میں کمی
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 70 مریض ہلاک اور چار ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں پیر کو کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتے یومیہ کیسز کی تعداد پانچ ہزار سے زیادہ اور اموات 100 سے زیادہ رپورٹ ہو رہی تھیں۔