پاکستان میں عید کی تعطیلات میں سیاحت پر مکمل پابندی عائد
پاکستان میں وزارتِ داخلہ نے عید کی آٹھ سے 16 مئی تک کی تعطیلات میں سیاحت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عید کی تعطیلات میں بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بھی معطل ہو گی۔
وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ این سی او سی کے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق عید کی چھٹیوں میں تفریحی علاقوں کی طرف جانے والی شاہراہیں بند ہوں گی۔ جب کہ تعطیلات میں شاپنگ مال، ہوٹل، پارک اور دیگر عوامی مراکز بھی بند رہیں گے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق عید، شبِ قدر اور اعتکاف میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ مری، سوات، گلیات،کالام، ساحلِ سمندر کی جانب جانے والی شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے مقامی افراد کو واپسی کی اجازت ہو گی۔
آسٹریلیا نے بھارت سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی
آسٹریلیا نے کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں بھارت سے آںے والی براہِ راست پروازوں کو معطل کر دیا ہے۔
وزیرِ اعظم اسکاٹ موریسن نے منگل کو نیوز کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ بھارت سے آنے والی پروازوں پر 15 مئی تک پابندی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس انسانی بحران ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔
اسکاٹ موریسن کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے آنے والی پروازوں پر پابندی عارضی ہے جس کا مقصد وبا کا گڑھ بننے والے ممالک سے اس کے آسٹریلیا منتقل ہونے کو روکنا ہے۔
امریکہ میں ویکسین پاسپورٹ متنازع کیوں؟
دنیا کے کچھ ممالک نے کرونا ویکسین لگوانے والوں کو 'ویکسین پاسپورٹ' کے نام سے دستاویز جاری کی ہے تاکہ ان کا سفر مختلف سرگرمیوں کے لیے محفوظ ثابت ہو۔ لیکن بائیڈن انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ امریکہ میں ایسا کوئی نظام رائج نہیں کیا جائے گا۔ تفصیل دیکھیے اس رپورٹ میں۔
آسٹریلوی کرکٹر کا بھارت کو 50 ہزار ڈالر کا عطیہ
آسٹریلوی کرکٹر پیٹ کمنس نے آکسیجن کی خریداری کے لیے بھارت کو 50 ہزار ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
فاسٹ بالر پیٹ کمنس ان دنوں بھارت میں ہی موجود ہیں اور وہ آئی پی ایل کی ٹیم کوکلتہ نائٹ رائڈرز کا حصہ ہیں۔
کمنس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ بھارت سے انہیں لگاؤ رہا ہے اور یہاں کے لوگوں نے انہیں بہت پیار دیا ہے اس لیے وہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی کہیں گے کہ مشکل کی اس گھڑی میں بھارتی عوام کی مدد کریں۔