جاپان میں وبا کے پھیلاؤ میں تیزی
جاپان کا دوسرا سب سے بڑا شہر اوساکا ان دنوں کرونا کی ایک نئی اور بڑی لہر کی لپیٹ میں ہے جس سے اسپتالوں میں دستیاب بستر اور وینٹی لیٹر کم پڑتے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ صورت حال برقرار رہی تو صحت کا نظام اس بوجھ کو مزید نہیں سہار سکے گا۔
جاپان میں طبی ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ اگر ٹوکیو میں اولمپکس کرائے گئے تو کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
جاپان کے اس مغربی علاقے کی آبادی تقریباً 90 لاکھ ہے اور ان دنوں اس علاقے کو کرونا وائرس کی چوتھی لہر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اور ملک میں اس وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کے ایک تہائی کا تعلق اسی خطے سے ہے۔
اوساکا میں قائم کائنڈے یونیورسٹی اسپتال کے ڈائریکٹر یوجی توہدا کہتے ہیں کہ کرونا کی تیز رفتاری سے پھیلنے والی برطانوی قسم اور اس سے مقابلے میں لاپروائی کی وجہ سے اس کے پھیلاؤ اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کرونا وائرس سے متاثر
پاکستان کے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کرونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ ان کے بقول انہیں معمولی علامات ہیں لیکن وہ ٹھیک ہیں۔
پاکستان میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح پانچ فیصد سے کم
پاکستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں کچھ حد تک کمی آ رہی ہے اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو ہزار 253 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
ملک میں 21 مئی سے کرونا کیسز میں بدستور کمی واقع ہو رہی ہے۔ 21 مئی کو یومیہ چار ہزار سات کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 46 یزار 726 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔
ان ٹیسٹ میں سے چار اعشاریہ 82 فی صد کے نتائج مثبت آئے جب کہ منگل کو رپورٹ ہونے والی اموات کی تعداد 92 رہی۔
بھارت میں تقریباً 41 روز بعد کرونا کے یومیہ کیسز کی کم ترین تعداد
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی آ رہی ہے اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 96 ہزار 427 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں منگل کو رپورٹ ہونے والے کیسز لگ بھگ 41 روز بعد کم ترین یومیہ کیسز ہیں۔
البتہ بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب بھی تین ہزار سے زیادہ ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید تین ہزار 511 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد دو کروڑ 69 لاکھ 48 ہزار 874 ہے جب کہ اموات تین لاکھ 7 ہزار 231 ہو چکی ہیں۔