رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

21:00 12.6.2021

بھارتی کشمیر کی دور افتادہ وادیوں میں ویکسی نیشن کے لیے طبی اہلکاروں کا پیدل سفر

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں طبی اہلکار دور افتادہ وادیوں میں آباد افراد کی کرونا ویکسی نیشن کے لیے گھنٹوں کا سفر پیدل کر رہے ہیں۔

کشمیر کے دارالحکومت سے 60 میل سے بھی زیادہ فاصلے پر واقع لدر وٹ علاقے میں پہنچنے کے لیے طبی اہلکاروں نے چھ گھنٹوں سے بھی زائد پیدل سفر کیا۔ تا کہ وہاں آباد قبائل کو کرونا ویکسین لگائی جا سکے۔

طبی اہلکاروں کے لیے ان وادیوں میں آباد افراد کو ویکسین لگانے کے علاوہ انہیں ویکسین لگوانے کے لیے آمادہ کرنا بھی ایک مشکل امر ہے۔

مقامی طبی اہلکار ناصر خان کے مطابق یہاں آباد افراد تعلیم یافتہ نہیں ہیں اور وہ ویکسین سے متعلق آگاہ نہیں ہیں۔

ناصر خان کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کے لوگوں کو پہلے قائل کرنا پڑا تا کہ وہ ویکسین لگوا لیں۔

11:11 10.6.2021

بھارت: ایک روز میں ریکارڈ 6148 اموات

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں ایک ہی دن میں کرونا وائرس سے ریکارڈ 6148 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں یہ یومیہ سب سے زیادہ اموات ہیں۔

بھارتی ریاست بہار نے بدھ کو کرونا سے ہونے والی مجموعی اموات کے اعداد و شمار پر مبنی ڈیٹا میں تبدیلی کی ہے جو 5400 سے بڑھ کر 9400 سے زیادہ ہو گئی ہیں۔

ڈیٹا میں تبدیلی کے بعد بھارت کی وزارتِ صحت نے جمعرات کو 6148 مریضوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

اس سے قبل امریکہ میں رواں برس 12 فروری کو ایک روز کے دوران سب سے زیادہ 5444 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔

بھارت کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مسلسل تیسرے روز ایک لاکھ سے بھی کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 94 ہزار 52 کیسز کے اضافے کے ساتھ بھارت میں مجموعی کیسز کی تعداد دو کروڑ 92 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ تین لاکھ 59 ہزار 676 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

10:47 10.6.2021

پاکستان: کرونا کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری

پاکستان میں یومیہ کیسز میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور ایک روز کے دوران کیسز کی تعداد گھٹ کر ڈیڑھ ہزار سے بھی کم ہو گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1303 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ وبا کے شکار مزید 76 مریض چل بسے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 41 ہزار 824 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ ایک فی صد رہی۔

10:43 10.6.2021

امریکہ: کرونا ویکسین عام ہونے کے بعد شادیوں کی تقریبات میں اضافہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین عام دستیاب ہونے اور گرمی کا موسم شروع ہونے کے بعد نئے جوڑے شادیاں کرنے کے لیے بے تاب نظر آرہے ہیں۔

شادیوں کی تقریبات کو یادگار بنانے والے ویڈنگ پلانرز یعنی شادیوں کی تقریبات کی منصوبہ بندی کرنے کے کاروبار دوبارہ چمک اٹھے ہیں اور تاریخوں کی کمی کی وجہ سے اب نئی بکنگز 2022 کے اواخر اور 2023 کی تاریخوں میں کی جارہی ہیں۔

'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی ایک رپورٹ کے مطابق کووڈ کیسز میں کمی اور بڑی تقریبات پر پابندیوں میں نرمی کے ساتھ امریکہ میں شادی کے خواہش مند افراد بڑی تعداد میں شادی کے ہالز یا پنڈال، شادیوں کے پلانرز، عروسی ملبوسات کے ڈیزائنرز اور کیٹرنگ کمپنیوں کا رخ کر رہے ہیں۔

ان میں ایسے جوڑے بھی شامل ہیں جو پابندیوں کے دوران سادہ تقاریب میں رشتہ ازدواج میں تو منسلک ہوچکے تھے مگر اب باقاعدہ ایک بڑی تقریب کا اہتمام کر کے دوستوں اور رشتے داروں کو بھی اپنی خوشی میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG