بھارت میں 80 ہزار 834 نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں کرونا کے کیسز میں بتدریج کمی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 80 ہزار 834 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا سے مزید تین ہزار 303 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 32 ہزار 62 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
بھارت میں ’کرونا ماتا‘ کا مندر قائم
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے گاؤں شکلہ پور میں قائم پرتاپ گڑھ میں مقامی افراد نے ‘کرونا ماتا’ کا مندر بنایا ہے جہاں مقامی افراد اس امید کے ساتھ عبادت کر رہے ہیں کہ ماتا کی کرامات سے کرونا ختم ہو جائے۔
اس مقام پر مقامی افراد کرونا وبا کے باوجود جمع ہو رہے ہیں اور زرد مزار پر دعائیں کرنے کے علاوہ مقدس پانی اور پھول چڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے یہاں ‘کرونا ماتا’ کا بت بھی رکھا ہوا ہے۔
مزار پر حاضری دینے والوں کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ اس کی کرامات سے گاؤں والے اور باقی لوگوں کو بھی کچھ ریلیف مل جائے۔
جنوبی ایشیائی ملک بھارت کرونا وبا سے شدید متاثر ہے اور اب تک دو کروڑ 94 لاکھ سے زائد افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
برطانیہ میں بندشوں میں نرمی میں تاخیر کا امکان
برطانیہ میں کرونا وائرس کی ڈیلٹا ویرینٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب وزیرِ اعظم بورس جانسن پابندیاں ختم کرنے میں تاخیر کا اعلان کر سکتے ہیں۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم آئندہ ہفتے پابندیاں ہٹانے یا نہ ہٹانے سے متعلق اعلان کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق ڈیلٹا ویرینٹ جس کی سب سے پہلے بھارت میں تشخیص کی گئی تھی، کے پھیلاؤ میں تیزی کی وجہ سے پابندیاں مزید ایک ماہ تک برقرار رکھی جا سکتی ہیں جس کے بعد ان پابندیوں کا اطلاق آئندہ ماہ 19 جولائی تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
حکومت کی طرف سے پابندیوں میں نرمی کیے جانے کو وبا سے متاثرہ افراد کے اعداد و شمار سے مشروط کیا جاتا رہا ہے اور رواں ہفتے وزیرِ اعظم نے کرونا کیسز میں ہونے والے اضافے سے متعلق خبردار کیا گیا تھا۔
میکسیکو کی ایک چوتھائی آبادی وبا سے متاثر
میکسیکو کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک کل ملکی آبادی 12 کروڑ 60 لاکھ کا ایک چوتھائی حصہ کرونا وبا سے متاثر ہوا ہے۔ جو کہ ملک میں کرونا کے مصدقہ رپورٹ کیے جانے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ 2020 میں ہونے والے ایک سروے کے مطابق تین کروڑ 11 لاکھ افراد وبا سے متاثر ہوئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید تین ہزار 282 افراد وبا سے متاثر اور 243 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
میکسیکو میں اب تک دو کروڑ 44 لاکھ 88 ہزار سے زائد کرونا کے مصدقہ کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ جب کہ دو لاکھ 29 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت پہلے یہ کہہ چکی ہے کہ کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد، رپورٹ کی جانے والی تعداد سے زیادہ ہو سکتی ہے۔