چین کا کرونا کے آغاز پر تحقیقات میں امریکہ کو اولین ترجیح دینے پر زور
چین کے متعدی امراض کے اعلیٰ ماہر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے آغاز پر ہونے والی تحقیقات کے اگلے مرحلے میں امریکہ سے متعلق بھی تحقیقات اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹز‘ نے چین کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ متعدی امراض کے ماہرین کے یہ مطالبہ ایسے وقت میں کیا ہے کہ جب یہ رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ امریکہ میں دسمبر 2019 میں کرونا وائرس کے کیسز موجود تھے۔
چین کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے سربراہ زینگ گوانگ کا کہنا تھا کہ اب توجہ امریکہ پر دینی چاہیے۔ کیوں کہ وبا کے آغاز میں امریکہ میں کم تعداد میں ٹیسٹ ہو رہے تھے۔ جب کہ امریکہ میں کئی بائیولوجیکل لیبارٹریز بھی موجود ہیں۔
تاج محل سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا
بھارت کا مشہور سیاحتی مقام تاج محل بدھ کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
حکام نے یومیہ 650 سیاحوں کو تاج محل آنے کی اجازت دی ہے۔ وبا سے احتیاط برتنے کے پیشِ نظر سیاحوں کو قبر چھونے کی اجازت نہیں ہے۔
تاج محل مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی اہلیہ ممتاز محل کی یاد میں 17 ویں صدی میں تعمیر کرایا تھا اور یہاں ان دونوں کی قبریں موجود ہیں۔
بھارت میں گزشتہ کئی روز سے کرونا کے یومیہ کیسز میں کمی ہو رہی ہے جس کے بعد متعدد ریاستوں میں عائد پابندیوں میں نرمی بھی کی گئی ہے۔
بھارت کے شہر آگرہ میں واقع مشھور سیاحتی مقام تاج محل کو کرونا کیسز میں اضافے کے باعث گزشتہ برس مارچ میں بند کیا گیا تھا، جس کے بعد تاج محل کو ستمبر میں دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔
رواں برس اپریل میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد تاج محل کو ایک مرتبہ پھر سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
نیویارک میں تمام ریاستی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان
امریکہ کے شہر نیویارک میں کرونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ریاست کی جانب سے عائد کی جانے والی تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو نے منگل کو اعلان کیا کہ نیویارک میں 70 فی صد بالغ افراد کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک فراہم کی جا چکی ہے، جس کے بعد اب شہر میں عائد تمام پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں۔
گورنر اینڈریو کومو کا کہنا ہے کہ اس موقع پر منگل کی رات کو جشن کے طور پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
امریکہ میں کرونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جا رہا ہے اور ملک میں گزشتہ کئی ہفتوں سے یومیہ کیسز اور اموات میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بھارت میں مسلسل نو روز سے ایک لاکھ سے کم کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ نو روز سے کرونا وائرس کے ایک لاکھ سے کم کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 224 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں کرونا سے مزید دو ہزار 542 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.2 فی صد ریکارڈ کی گئی ہے۔