کابل: امریکی سفارتخانے کے متعدد اہل کار کرونا میں مبتلا، سفارتی سرگرمیاں معطل
افغانستان میں امریکی سفارت خانے کے درجنوں افراد میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت پائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں سفارتی مشن کی بیشتر سرگرمیوں کو روک دیا گیا ہے۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایک شخص پہلے ہی کووڈ نائنٹین میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکا ہے جب کہ 114 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور متعدد افراد کو طبی بنیادوں پر وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 95 فیصد کیسز میں ایسے افراد شامل ہیں جنہیں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین نہیں ملی یا پھر وہ ویکسین کی خوراکوں کا کورس مکمل نہیں کر سکے تھے۔
امریکہ: پانچ سے 11 سال کے بچوں پر کرونا ویکسین کے تجربات، ردِ عمل کیا ہے؟
کرونا ویکسین کے تجربات کا حصہ بننے والے پانچ سے 11 سال کے بچے کیا سوچ رہے ہیں اور ماہرین کا کیا کہنا ہے؟ تفصیلات کے لیے دیکھیے مونا کاظم شاہ کی رپورٹ، جو وائس آف امریکہ کے مستقل سلسلے 'لائف 360' کے تحت پیش کی جا رہی ہے۔
بھارت کے ’فلائنگ سکھ‘ کا وبا کے باعث انتقال
بھارت کے معروف ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کرونا وبا کے سبب 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ملکھا سنگھ جو کہ ‘فلائنگ سکھ’ کے نام سے مشہور تھے۔ ان کے بیٹے جیو ملکھا سنگھ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ان کے والد جمعے کو انتقال کر گئے ہیں۔
ملکھا سنگھ رواں سال 20 مئی کو کرونا وبا سے متاثر ہوئے تھے۔ جب کہ ان کی اہلیہ نرمل کور بھی کرونا وائرس کی وجہ سے رواں ہفتے انتقال کر گئی تھیں۔
انہوں نے 1958 اور 1962 کی ایشین گیمز میں بھارت کے لیے گولڈ میڈلز جیتے تھے۔
ان کی شہرت کو دیکھتے ہوئے 2013 میں ‘بھاگ ملکھا بھاگ’ کے نام سے بالی وڈ میں فلم بھی بنائی گئی تھی۔
بھارت: پابندیوں میں نرمی پر وبا پھیلنے کا اندیشہ
بھارت کی مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کرونا وبا کے پیش نظر لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے محتاط رہیں۔ تا کہ وبا ایک بار پھر سے نہ پھیل سکے۔
ریاستوں میں وبا کی دوسری لہر میں کمی ہونے کی وجہ سے پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے۔
بھارت میں وبا سے اب تک دو کروڑ 98 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور تین لاکھ 85 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
سیکریٹری وزارتِ داخلہ اجے بھلا کا تمام ریاستوں اور وفاق کے زیرِ انتظام علاقوں کو لکھے گئے خط میں کہنا تھا کہ نچلی سطح تک نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ اگر کیسز میں اضافہ ہوتا ہے ہو تو اس پر قابو پایا جا سکے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 60 ہزار 753 کیسز اور ایک ہزار 647 اموات ریکارڈ کی گئیں۔