بھارت میں کرونا کیسز کی تعداد تین کروڑ کے قریب
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کم ہو رہی ہے۔ ملک میں مزید 53 ہزار 256 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد دو کروڑ 99 لاکھ 35 ہزار 221 ہے۔ البتہ 96 فی صد مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
عالمی وبا سے بھارت میں تین لاکھ 88 ہزار 135 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان ہلاکتوں میں ایک ہزار 422 مریضوں کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
امریکہ نے کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ سفری پابندیوں میں ایک ماہ کی توسیع کردی
امریکہ نے کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ زمینی سرحد کو غیر ضروری سفر کے لیے مزید ایک ماہ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکہ کے ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے اتوار کو کہا کہ کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ سرحد غیرضروری سفر کے لیے 21 جولائی تک بند رہے گی۔
کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث مارچ 2020 میں سرحد کو بند کیا گیا تھا اور اس بندش کی مدت پیر کو ختم ہونا تھی۔
البتہ کینیڈا جس نے امریکہ کے ساتھ اپنی سرحد کو بند کر رکھا ہے اس نے جمعے کو اس بندش میں توسیع کردی تھی، بعد ازاں امریکہ کی جانب سے 30 روزہ توسیع کا اعلان سامنے آیا ہے۔
امریکی حکام نے 'رائٹرز' کو بتایا کہ امریکی حکومت نے سفری پابندیوں پر کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ گزشتہ ہفتے ملاقاتیں کی تھیں اور ہر دو ہفتے بعد مزید ملاقاتوں کا ارادہ بھی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 22 ہزار سے تجاوز کرگئیں
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 907 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 ہزار 754 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ چھ فی صد رہی۔
کرونا وائرس سے مزید 30 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار سات ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے اب تک نو لاکھ 49 ہزار 175 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے آٹھ لاکھ 93 ہزار 148 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں پرائمری کلاسز کا آغاز
پاکستان کے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد پرائمری کلاسز کا آغاز ہو گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے کرونا ایس او پیز کے تحت پرائمری کلاسز میں پچاس فی صد طلبہ کو بلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ کئی ہفتوں بعد تدریسی عمل بحال ہونے پر پہلے روز طلبہ کی حاضری معمول سے کم رہی۔
اسکولز میں کرونا ایس او پیز پر بھی سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسکولز کے اسٹاف کی کرونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی نے دو روز قبل ایک ٹوئٹ میں 21 جون سے تمام سرکاری اور نجی اسکولز میں پانچویں جماعت تک کلاسز کے آغاز کا کہا تھا۔