اولمپکس میراتھن میں شائقین کے راستوں سے دور رہنے پر زور
جاپان میں اولمپکس کے انتظامات کرنے والے حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اولمپکس کے میراتھن میں شائقین کو راستے دور رکھنے پر زور دیا جائے گا۔
منگل کو انتظامی عملے کا کہنا تھا کہ کرونا کی حالیہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ وبا کے پھیلاؤ کے خطرے کو کم سے کم کیا جائے۔ اس کے لیے لوگوں کو قریب آنے سے روکنا ہوگا۔
ایک بیان میں حکام کا کہنا تھا کہ وبا کے خطرے کے باعث شائقین کو کہا جائے گا کہ وہ دوڑ کے راستے میں کھڑے نہ ہوں۔
واضح رہے کہ اولمپکس گزشتہ برس جاپان میں ہونے تھے البتہ ان کو رواں برس کے لیے مؤخر کیا گیا تھا اور ان یہ رواں ماہ سے ہونے والے ہیں جب کہ اس کا آخری ایونٹ میراتھن ریس ہوگا جو کہ آئندہ ماہ میں 7 اور 8 اگست کو منقعد ہوگا۔
انڈونیشیا میں آکسیجن کی کمی، دیگر ممالک سے درآمد کی کوشش
انڈونیشیا کو کرونا وائرس کی بدترین لہر کے سبب ہنگامی امداد میں لگائی جانے والی آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق وبا سے متاثرہ افراد کے لیے آکسیجن سنگاپور سے درآمد کی جا رہی ہے۔
انڈونیشیا میں حکام نے چین سمیت دیگر پڑوسی ممالک سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔
انڈونیشیا میں 24 گھنٹوں میں لگ بھگ 30 ہزار کے قریب افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ حکام نے مزید 558 اموات کی تصدیق کی ہے۔
ملک بھر میں اب تک 23 لاکھ افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 61 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن نے خود کو قرنطینہ کر لیا
برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنی تمام تر مصروفیات کو منسوخ کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
کنسگٹن پیلس کے ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے شہزادی کا ایک ایسے شخص کے ساتھ رابطہ ہوا تھا جس کا بعد میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کیٹ میڈلٹن کو کسی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں ہیں تاہم وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھر میں ہی آئسولیشن میں ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شہزادی کیٹ مڈلٹن نے گزشتہ ہفتے متعدد ایونٹس میں شرکت کی تھی جن میں جمعے کو ہونے والا ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کا مقابلہ بھی شامل ہے۔
بھارت میں مسلسل آٹھ روز سے 50 ہزار سے کم یومیہ کیسز رپورٹ
بھارت میں مسلسل آٹھ روز سے کرونا کے 50 ہزار سے کم یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
بھارت کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 39 ہزار 796 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 723 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ چھ ایک ریکارڈ کی گئی ہے۔