سندھ میں پیر سے کرونا پابندیاں نافذ کرنے کا اعلان
سندھ میں کرونا کیسز میں اضافے کے سبب ایک مرتبہ پھر پابندیاں نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت جمعے کو صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں تعلیمی ادارے، ریستوران اور شادی ہال سمیت درگاہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں پیر سے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں صبح چھ سے شام چھ بجے تک کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئی پابندیوں کے مطابق صوبے میں جمعے اور اتوار سیف ڈیز ہوں گے جب کہ پیر سے ریستوران کی انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ دونوں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں صوبے میں امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے اور سرکاری اور نجی سیکٹر میں 50 فی صد اسٹاف حاضر ہو گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 اعشاریہ تین فی صد ہو گئی ہے۔
بینکاک سے ملائیشیا تک ایشیائی ممالک وبا کی شدید لہر کی لپیٹ میں کیوں؟
ایشیا کے کئی ممالک اس وقت عالمی وبا کی شدید لہر کی لپیٹ میں ہیں اور ویکسین لگانے کی مہم ناکافی ہونے کے باعث گذشتہ سال کے مقابلے میں ایشیائی ملکوں میں کرونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔
مبصرین کہتے ہیں کہ متاثرہ ممالک کی حکومتوں کا کرونا وائرس سے بچاو کے لئے بڑے پیمانے پر لاک ڈاون کی بندشوں اور سرحدوں پر نقل و حرکت کے اقدامات سے اعتبار اٹھتا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت سے پھیلنے والا ڈیلٹا وائرس، ایئر لائنز کے عملے کا وائرس سے متاثر ہونا اور ان ملکوں کے شہریوں کا بیرونِ ملک سفر کے بعد وائرس کا ملک میں لانا کووڈ نائنٹین کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔
گذشتہ کئی ماہ کے دوران کرونا کے کیسز میں کمی کے پس منظر میں کئی ایشیائی ممالک نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے عائد پابندیوں کو نرم کردیا تھا اور اندرون ملک سفر میں تیزی دکھائی دے رہی تھی۔
ایران: کیسز بڑھنے پر تہران سمیت دیگر علاقوں میں لاک ڈاؤن
ایران میں عید الاضحیٰ کے موقع پر کرونا کیسز میں اضافے کے باعث حکام نے تہران اور اس کے قریبی صوبے البرز میں چھ روز کے لیے لاک ڈاؤن لگا دیا ہے جس کا اطلاق منگل سے ہو گا۔
ایران میں بدھ کو عید الاضحٰی منائی جا رہی ہے، لیکن ملک میں کرونا کیسز میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
عرب نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ عید کے بعد ویک اینڈ کے باعث بڑی تعداد میں لوگ شمالی علاقوں کا رُخ کر سکتے ہیں لہذٰا اسے روکنے کے لیے لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔
ایران میں گزشتہ کئی روز سے یومیہ 25 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو رہے ہیں جب کہ جولائی میں روزانہ 200 اموات ہو رہی ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران تہران اور البرز میں تمام پارکس، ثقافتی مراکز اور مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
کرونا وائرس: بھارت میں وبا سے اموات کی تعداد 10 گنا زیادہ ہونے کا اندیشہ
جنوبی ایشیا میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک بھارت میں وبا سے ہونے والے جانی نقصان پر ایک حالیہ جامع تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ کرونا سے بھارت میں ہونے والی اموات کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے 10 گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔ ان ہلاکتوں کی تعداد کے باعث یہ حالیہ تاریخ کا بدترین انسانی بحران بھی ہو سکتا ہے۔
محققین کا خیال ہے کہ بھارت میں حکومت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق وبا سے لگ بھگ چار لاکھ 15 ہزار اموات ہوئی ہیں تاہم یہ تعداد حقیقی اموات کے مقابلے میں کئی گنا کم بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب حکومت ان دعوؤں کی تردید کر رہی ہے۔ نئی دہلی کا کہنا ہے کہ وبا سے اموات کی تعداد کے حوالے سے مبالغہ آرائی اور گمراہ کن خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
منگل کو جاری ہونے والی رپورٹ میں بھارت میں زیادہ اموات کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق وبا سے اموات اور حقیقی اعداد و شمار میں فرق ہو سکتا ہے۔ جب کہ جنوری 2020 سے جون 2021 کے ڈیڑھ سال کے دورانیے میں بھارت میں 30 لاکھ سے 47 لاکھ افراد کرونا وبا سے ہلاک ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ حقیقی اعداد و شمار پیش کیے جانے کے بعد وبا کی شدت بتائی جانے والی حقیقت سے کئی گنا زیادہ سامنے آئے گی۔
یہ رپورٹ بھارت کی حکومت کے سابق معاشی مشیر اروند سبرامنین نے شائع کی ہے۔ جب کہ اس کی اشاعت میں سینٹر فار گلوبل ڈویلپمنٹ اور ہارورڈ یونیورسٹی کے دو معاونین نے ان کا ساتھ دیا ہے۔