کیا امریکہ میں شہریوں کو ویکسین بوسٹر لگائی جائے گی؟
کرونا ویکسین بنانے والی ‘فائزر’ اور جرمن کمپنی ‘بائیو این ٹیک’ کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت نے ویکسی نیشن اور ممکنہ بوسٹر خوراک کے لیے مزید 20 کروڑ خوراکیں خریدی ہیں۔
امریکی صدر بائیڈن کی انتظامیہ کے حکام، جو کہ اس معاہدے سے واقف ہیں، کا کہنا ہے کہ فائزر معاہدے کے مطابق چھ کروڑ 50 لاکھ خوراکیں 12 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے فراہم کرے گا۔
امریکی حکومت کے پاس یہ آپشن بھی موجود ہو گا کہ وہ ویکسین کی جدید قسم خرید سکے جو کہ کرونا وائرس کے نئے ویرینٹس کے خلاف بھی کارآمد ہو گی۔
یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں ڈیلٹا ویرینٹ پھیل رہا ہے اور بحث جاری ہے کہ آیا آنے والے موسم خزاں میں امریکیوں کو ویکسین کی بوسٹر خوراک درکار ہو گی یا نہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں سال جون میں امریکی حکومت نے موڈرنا سے بھی 20 کروڑ خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔
انڈونیشیا میں کیسز میں اضافہ، بالی میں آکسیجن کی قلت
انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں کرونا کے پھیلاؤ میں اضافے کے ساتھ ساتھ آکسیجن کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔
جزیرہ بالی میں، جو کہ سیاحوں کے لیے اپنے ساحل سمندر، مندروں اور جاوا جزیرے کی وجہ سے کشش رکھتا ہے، ان دنوں وبا کے پیش نظر سخت پابندیاں نافذ ہیں۔ جو کہ اتوار کو ختم ہو رہی ہیں۔
حکومت اس پر ابھی بحث کر رہی ہے کہ آیا ان پابندیوں کو بڑھایا جائے یا ختم کر دیا جائے۔
بالی کی صحت کی ایجنسی کے سربراہ کیٹوٹ سرجایا کا کہنا ہے کہ انہیں کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے رواں ماہ 14 جولائی سے آکسیجن کی قلت کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بالی میں آکسیجن کا بحران ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق انڈونیشیا میں، جو کہ دنیا بھر میں چوتھا گنجان ترین ملک ہے، 30 لاکھ سے زائد کرونا کیسز رپورٹ اور 80 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
آسٹریلیا میں وبا کے پھیلاؤ، متاثرہ علاقوں کو ویکسین کی مزید خوراکیں فراہم کرنے کا عندیہ
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شہر سڈنی کو کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے فائزر کی مزید 50 ہزار خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔
آسٹریلیا میں ہفتے کو مقامی منتقلی کے 176 کیسز رپورٹ کیے گئے۔ جو کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مسلسل ریکارڈ اضافہ ہے اور یہ تمام کیسز ریاست نیو ساؤتھ ویلز سے رپورٹ کیے گئے۔
حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ نیو ساؤتھ ویلز سے رپورٹ کیے جانے والے کیسز ملک بھر میں کیے گئے اقدامات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ایک ماہ کے لیے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے خلاف لگ بھگ 3500 افراد نے احتجاج کیا تھا جن کی اکثریت فیس ماسک کے بغیر تھی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں اب تک 32 ہزار سے زائد کیسز اور 916 اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔
روس میں ایک دن میں 24 ہزار مزید کیسز رپورٹ، 799 ہلاکتیں
روس میں ہفتے کو کرونا وبا کے لگ بھگ 24 ہزار مزید کیسز رپورٹ اور ایک بار پھر 799 ریکارڈ یومیہ ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں۔
روس میں کرونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حکام کرونا وائرس کے مہلک قسم ڈیلٹا ویرینٹ کو اس کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔
کرونا وبا سے نمٹنے والی ٹاسک فورس نے پچھلے 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 947 کیسز کی تصدیق کی۔ جو کہ پچھلے ہفتے کی نسبت 5 فی صد کم ہے۔
ماسکو میں 3 ہزار 376 کیسز رپورٹ کیے گئے۔ جو کہ پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 26 فی صد کم ہے۔
خیال رہے کہ روس میں اب تک 61 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ جب کہ کرونا وبا سے اب تک ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔