پنجاب: گھر گھر جا کر ویکسین لگانے کی مہم کا اعلان
پاکستان کے صوبے پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں گھر گھر جا کر خصوصی ویکسی نیشن مہم کا اعلان کیا گیا ہے۔
پنجاب کے محکمہ صحت کے مطابق اس خصوصی ویکسی نیشن مہم کے تحت لاہور، ملتان، گجرانوالہ اور فیصل آباد کی 40 فی صد آبادی کو ویکسین لگائی جائے گی۔
محکمہ صحت کے مطابق اس مہم کے تحت راولپنڈی کی کم از کم 70 فی صد آبادی کو بھی ویکسین کی خوراک فراہم کی جائے گی۔
آسٹریلیا: نیو ساؤتھ ویلز میں 141 نئے مریض، کرونا لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کرونا کا پھیلاؤ جاری ہے اور وہاں اتوار کو کرونا کے مزید 141 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق یہ کیسز رواں سال مقامی سطح پر سامنے آنے والے یومیہ کیسز کی دوسری سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز 163 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
آسٹریلوی ریاست جون سے کرونا وائرس بالخصوص تیزی سے پھیلنے والے ڈیلٹا ویرینٹ کی لپیٹ میں ہے اور وہاں اب تک دو ہزار 81 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب لاک ڈاؤن کے خلاف ہزاروں لوگوں نے گزشتہ روز احتجاج بھی کیا ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز کی پریمیئر گلیڈیز بیریجیکلین نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ روز کے احتجاج کے تناظر میں کیا میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ یہ کتنا ناگوار تھا۔ اس سے میرا دل ٹوٹ گیا۔
انہوں نے کہا مجھے امید ہے کہ اس سے کوئی دھچکا نہیں لگے گا لیکن ایسا ہو بھی سکتا ہے۔
ملائیشیا میں کرونا متاثرین کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز
ملائیشیا میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ملک کی وزارتِ صحت کے مطابق اتوار کو کرونا وائرس کے ریکارڈ 17 ہزار 45 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 13 ہزار 438 ہو چکی ہے۔
پاکستان: کرونا سے مزید 45 مریضوں کا انتقال
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید دو ہزار 819 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 44 ہزار 579 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح چھ اعشاریہ تین دو فی صد ریکارڈ کی گئی۔
ملک میں کرونا وائرس سے مزید 45 افراد کا انتقال بھی ہوا ہے۔ جس سے اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 16 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں عالمی وبا سے اب تک 10 لاکھ چار ہزار 694 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے نو لاکھ 25 ہزار 958 صحت یاب ہو چکے ہیں۔