بھارت میں 41 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 41 ہزار 195 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت بھر میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد تین کروڑ 28 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے شکار 490 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد چار لاکھ 29 ہزار 669 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا ویکسین کی چار کروڑ خوراکیں لگ چکی ہیں: اسد عمر
پاکستان میں کرونا وبا کی روک تھام کے سلسلے میں تشکیل دی گئی ٹاسک فورس کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا کی چار کروڑ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
اسد عمر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ گزشتہ نو روز کے دوران ملک بھر میں ایک کروڑ ویکسین کی خوراکیں لگائی گئی ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ویکسین لگوا کر پاکستان کو اس وبا سے محفوظ بنائیں۔
آسٹریلیا: دارالحکومت کینبرا میں ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن
آسٹریلوی حکومت نے دارالحکومت کینبرا میں ایک سال بعد کرونا کا ایک کیس سامنے آںے کے بعد لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔
کینبرا میں لاک ڈاؤن جمعرات سے ہی نافذ ہو گا جو ایک ہفتے تک رہے گا۔
آسٹریلیا کو کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے پھیلاؤ کا سامنا ہے اور یہ وائرس ملک کے دو بڑے شہروں سڈنی اور میلبورن میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔
کینبرا میں 20 سالہ شخص میں ڈیلٹا وائرس کی تشخیص کے بعد شہر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جب کہ کرونا ٹیسٹنگ کے مراکز اور سپر مارکیٹ میں اشیا خور و نوش کی خریداری کے لیے لوگوں کا رش لگ گیا ہے۔
حکام کے مطابق انہیں علم نہیں کہ ڈیلٹا ویریئنٹ کے شکار نوجوان کو یہ وائرس کہاں سے لگا۔ البتہ شہر میں لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔
حکام کے مطابق عالمی وبا سے متاثرہ مزید دو مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد کرونا کی حالیہ لہر کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کرونا سے متاثرہ 374 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 62 انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہیں جب کہ 29 متاثرہ خواتین کو وینٹی لیٹر کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں کیسز اور اموات میں بتدریج اضافہ
پاکستان میں کرونا کیسز اور اموات کی شرح میں حالیہ چند روز کے دوران تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 4934 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 397 کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ تین صفر فی صد رہی۔
پاکستان میں کرونا کے شکار مزید 102 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ ہلاکتوں کی یہ تعداد 20 مئی 2021 کے بعد سب سے زیادہ اموات ہیں۔
پاکستان میں اب تک کرونا وائرس سے 24 ہزار 187 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 4584 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔