امریکہ: ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگانے کی مشروط اجازت
امریکہ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے اعلان کیا ہے کہ وہ شہری جن کی قوتِ مدافعت کرونا ویکسین کی دو خوراکیں لینے کے باوجود کمزور ہے وہ تیسری خوراک یعنی بوسٹر شاٹ لگانے کے اہل ہوں گے۔
ایف ڈی اے نے جمعرات کی شب اعلان کیا ہے کہ کمزور قوتِ مدافعت والے افراد فائزر یا موڈرنا ویکسین کا اضافی شاٹ لگوا سکتے ہیں تاکہ ایسے افراد کو ڈیلٹا ویریئنٹ جیسی کرونا کی قسم سے محفوظ رکھا جائے۔
ایف ڈی اے کے اعلان کے بعد بوسٹر شاٹ لگانے کا اطلاق ان لاکھوں امریکی شہریوں پر بھی ہو گا جو ٹرانسپلانٹ کرا چکے ہیں، کینسر یا دیگر امراض میں مبتلا ہیں۔
ایف ڈی اے کے قائم مقام کمشنر ڈاکٹر جینٹ ووڈکوک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے احکامات کے بعد ڈاکٹر ان افراد کو کرونا سے بچاؤ کے لیے اضافی خوراک لگا سکیں گے جن کی قوتِ مدافعت کمزور ہے۔
تاہم یہ واضح رہے کہ بوسٹر شاٹ لگوانے کا اطلاق امریکہ کے تمام شہریوں پر نہیں ہو گا۔ ایف ڈی اے کا فیصلہ صرف ان متاثرہ افراد کے لیے ہے جو بیمار ہیں یا ان کی کسی وجہ سے قوتِ مدافعت کمزور ہے۔
واضح رہے کہ فرانس، جرمنی اور اسرائیل نے کرونا ویکسین کی دو خوراکیں لینے والے شہریوں کو تیسری خوراک لینے کی بھی اجازت دے رکھی ہے۔
'زیادہ کیسز والے علاقوں میں کرونا پابندیاں سخت کی جا سکتی ہیں'
پاکستان کے حکام کہتے ہیں صحت کی سہولیات پر دباؤ اور کرونا کیسز کو دیکھتے ہوئے پابندیاں سخت کی جا سکتی ہیں۔ تاہم فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ چوتھی لہر کب ختم ہو گی۔ مزید تفصیلات جانتے ہیں وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے ضیا الرحمٰن کی گفتگو میں۔
بھارتی ریاست کرناٹک میں چھ روز کے اندر 300 بچے کرونا سے متاثر، مزید کیسز کا اندیشہ
بھارت میں کرونا وائرس کی ہولناکی اگرچہ کم ہو گئی ہے البتہ اب بھی وبا کے یومیہ مثبت کیسز کی تعداد لگ بھگ 40 ہزار ہے۔ ایسے میں ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں چھ روز کے اندر 300 بچوں کے کرونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کی خبر نے حکومت اور محکمۂ صحت کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
بنگلور کے بلدیاتی ادارے ’برہت بنگلورو مہانگر پالیکا‘ (بی بی ایم پی) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پانچ سے 10 اگست کے درمیان 10 سال سے کم عمر کے 127 بچوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اسی کے ساتھ گزشتہ چھ روز کے اندر 10 سال سے 19 سال کی عمر کے 174 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں بچوں کے کرونا ٹیسٹ آنے کے بعد ریاست کے محکمۂ صحت نے انتباہ کیا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں تو صورتِ حال اور سنگین ہو سکتی ہے۔
سی ڈی سی کی حاملہ خواتین کو ویکسین لگانے کی سفارش
امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی سی) نے بدھ کو کہا ہے کہ حاملہ خواتین بھی کرونا ویکسین لگوا سکتی ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سی ڈی سی نے یہ سفارش ایک نئے تجزیے کی بنیاد پر دی ہے جس میں ویکسین کی وجہ سے حمل ضائع ہونے کا خطرہ ظاہر نہیں ہوا ہے۔
سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ اس نئے تجزیے یا اس سے پہلے کیے جانے والے مطالعوں میں حاملہ خواتین سے متعلق کوئی خدشات نہیں ملے۔
سی ڈی سی کے مطابق ویکسی نیشن کے بعد حمل ضائع ہونے کی شرح متوقع شرح جیسی ہی تھی۔ حاملہ خواتین کرونا سے بچاؤ کے لیے فائزر، موڈرنا یا جانسن اینڈ جانسن میں سے کوئی بھی ویکسین کی خوراک لگوا سکتی ہیں۔