رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

17:13 23.8.2021

کرونا ویکسین کی اضافی خوراک لگانے کا عمل مؤخر کردینا چاہیے، سربراہ عالمی ادارۂ صحت

عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبرئیسس نے کہا کہ کرونا ویکسین کی بوسٹر خوراک لگانے سے زیادہ ان ممالک میں ویکسی نیشن کی شرح میں اضافے کو ترجیح دینی جانی چاہیے جہاں مجموعی آبادی کی صرف ایک یا دو فی صد ہی کو ویکسین لگائی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی سطح پر ویکسی نیشن کی شرح میں اضافہ نہیں ہوا تو کرونا وائرس کے خطرناک ویریئنٹ سامنے آتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس لیے بوسٹر یا اضافی خوراکوں کے لیے استعمال کرنے کے بجائے ایسے ممالک کو ویکسین فراہم کی جائے جہاں ابھی تک لوگوں کو پہلی یا دوسری خوراک بھی نہیں لگی ہے۔

ٹیڈروس ایڈہانوم گیبرئیسس کا کہنا تھا کہ بوسٹر شاٹس کی افادیت پر بحث جاری ہے۔

16:57 23.8.2021

پشاور میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 16 فی صد سے تجاوز کرگئی

پاکستان کی وفاقی وزارت صحت نے کرونا کے پھیلاؤ کی شرح کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیے۔

ان اعداد وشمار کے مطابق 16 سے 22 اگست کے دوران سامنے آنےوالے کیسز کے اعتبار سے پشاور میں 16 اعشاریہ 38 فی صد کے ساتھ وبا کے پھیلاؤ کی شرح سب سے زیادہ رہی۔

دوسرے نمبر پر یہ شرح پنجاب کے شہر بہاولپور میں 12 اعشاریہ 8 فی صد اور تیسرے نمبر پر راولپنڈی میں 11 اعشاریہ 49 فی صد رہی۔

ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی کرونا کے پھیلاؤ کی 10 اعشاریہ 58 فیصد شرح کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

16:47 23.8.2021

سندھ میں 30 اگست سے 100 فی صد ویکسی نیشن کرانے والے اسکول کھولنے کا اعلان

سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے 30 اگست سے سو فیصد ویکسی نیشن کرانے والے اسکول کھولنے کا اعلان کردیا۔

وزیر تعلیم نے نجی اسکول ایسوی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے 80 فی صد عملے کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن بچوں کے والدین ویکسین لگوا چکے ہیں صرف انہیں اسکول آنے کی اجازت ہوگی۔ بچوں کے والدین کو اسکول میں نادرا کا جاری کردہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسکول 50 فی صد حاضری کے ساتھ ہفتے میں چھ روز تک کھولے جائیں گے۔

16:32 23.8.2021

پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 25 ہزار ہوگئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے مطابق پیر کو کرونا وائرس سے 80 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد اس وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد 25 ہزار تین ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 3772 کیسز سامنے آئے۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں وبا کے پھیلاؤ کی شرح سات فی صد ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کرونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 27 ہزار سے زائد ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 89 ہزار 919 ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG