بھارت میں کرونا سے 354 اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 354 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 35 ہزار 110 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار 467 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارت میں کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ پانچ پانچ فی صد ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملک میں کرونا سے مزید 39 ہزار 486 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
فائزربائیو این ٹیک کو کرونا کی باقاعدہ ویکسین کے طور پر منظوری مل گئی
یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے پیر کے روز فائزر اور جرمن پارٹنر بائیو این ٹیک کی جانب سے 16 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں استعمال کے لیے بنائی گئی کووڈ 19 ویکسین کی مکمل منظوری دے دی ہے۔ اس طرح وہ کرونا سے بچاؤ کی پہلی باقاعدہ منظور شدہ ویکسین بن گئی ہے۔
اس سے قبل زیرِ استعمال تمام ویکسینز کو ایمرجنسی کے تحت لگانے کی اجازت دی گئی تھی۔
فائزر اینڈ بائیواین ٹیک کی ویکسین گزشتہ برس دسمبر سے شہریوں کو لگائی جا رہی ہے۔ 22 اگست 2021 تک کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں یہ ویکسین اب تک 20 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ افراد کو لگائی جا چکی ہے۔
فائزر کے ساتھ ساتھ جن ویکسینز کو ایمرجنسی کے تحت لگانے کی اجازت دی گئی تھی ان میں سے کسی کو ابھی تک فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے مکمل منظوری نہیں ملی۔
پاکستان میں مزید چار ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چار ہزار 75 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مثبت کیسز کی شرح چھ اعشاریہ سات نو فی صد رہی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 59 ہزار 943 ٹیسٹ کیے گئے اور 91 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
پاکستان میں ویکسین نہ لگوانے والوں پر نئی پابندیاں عائد
پاکستان میں کرونا کی روک تھام کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ 30 ستمبر کے بعد ویکسین کا کورس مکمل نہ کرنے والے ملک کے اندر اور باہر سفر نہیں کر سکیں گے۔
اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 15 اکتوبر کے بعد ویکسین کا کورس مکمل نہ کرنے والوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے نہیں دیا جائے گا۔
اسد عمر نے کہا کہ 17 سال اور اس سے زائد عمر کے طلبہ کے لیے 15 ستمبر تک ویکسین کی ایک ڈوز لگانا لازم ہے۔ ویکسین کورس مکمل نہ کرنے والے 30 ستمبر کے بعد شادی کی تقریبات میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے جن کا کہنا ہے کہ جعلی کرونا سرٹیفکٹ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 50 سال سے زائد عمر کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے بوسٹر شاٹ لگانے کا معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔