پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 799 ہو گئی
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 23 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں نئے کیسز کی تعداد 799 ہو گئی ہے۔
پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ گئی ہے جب کہ چھ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے صوبۂ سندھ سب سے زیاد ہ متاثر ہے جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد 352 ہے۔ پنجاب میںںں 225، بلوچستان میں 104، خیبر پختونخوا 31، دارالحکومت اسلام آباد میں 15، پاکستان کے زیرِ انتظام گلگت بلتستان میں 71 اور کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
نریندر مودی کی عوام سے اپیل
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیر کو ہندی میں کیے گئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بہت سے لوگ اب بھی لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کرتے ہوئے اپنے آپ کو اور اپنے خاندان کو بچائیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے سات افراد ہلاک اور 400 سے زائد متاثر ہیں۔ مرکزی حکومت نے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی ہے۔
بلوچستان میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت
پاکستان کے صوبۂ بلوچستان میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے جب کہ صوبے میں پیر کو مزید 4 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 108 ہو گئی ہے۔
کوئٹہ سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عبدالستار کاکڑ کے مطابق صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب کوئٹہ کے فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل اسپتال میں کرونا وائرس میں مبتلا 65 سالہ شخص دوران علاج جان کی بازی ہار گیا۔
متاثر مریض کا تعلق کوئٹہ سے تھا جو ایران کے علاقے مشہد میں زیارت کے بعد تفتان قرنطینہ کیمپ آیا تھا۔
انہوں نے مز ید بتایا کہ صوبے میں اب تک 1950 افراد کی اسکریننگ کی گئی ہے جن میں سے 1405 مشتبہ افراد کے خون کے نمونے صحیح نہ ہونے کے باعث مزید ٹیسٹس کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔ ان کے بقول، تفتان میں 402 اور کوئٹہ میں 26 افراد قرنطینہ میں موجود ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 800 سے تجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ملک بھر میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 803 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیر تک کرونا وائرس کے مزید تین مریض چل بسے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
پاکستان میں پیر کی صبح تک کرونا وائرس کے مزید 27 نئے کیسز سامںے آئے ہیں اور اب تک اس وائرس کے چھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے صوبۂ سندھ سب سے زیاد ہ متاثر ہے جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد 352 ہو گئی ہے۔ پنجاب میں 225، بلوچستان میں 108، خیبر پختونخوا 31، دارالحکومت اسلام آباد میں 15، پاکستان کے زیرِ انتظام گلگت بلتستان میں 71 اور کشمیر میں کرونا وائرس کا ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔