ہاروی وائن اسٹائن کرونا وائرس میں مبتلا
خواتین سے جنسی زیادتی کے جرم میں قید کاٹنے والے ہالی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹائن بھی جیل میں کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ ان کا کرونا کی تشخیص کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
اڑسٹھ سالہ ہاروی وائن اسٹائن ان دنوں شمالی نیویارک کی جیل میں جنسی زیادتی اور حملوں کے الزام میں 23 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
ایک مقامی روزنامے 'نیاگرا گزٹ' نے اپنی ایک رپورٹ میں ہاروی وائن اسٹائن کے ٹیسٹ مثبت آنے اور ان میں کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ تاہم وائن اسٹائن کے ترجمان اس حوالے سے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکاری ہیں۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اس نے خبر کی تصدیق کے لیے نیویارک ریاست کے محکمہ جیل سے بھی رابطہ کیا تھا تاہم محکمے نے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔
وائن اسٹائن کو گزشتہ بدھ کو نیو یارک سٹی کے شمال مغرب میں واقع شہر بفلو کے قریب ایک جیل منتقل کیا گیا تھا۔ منتقلی سے قبل وہ جزیرہ ریکرس کے ایک جیل میں قید تھے تاہم سینے میں درد کی شکایت پر انہیں مین ہیٹن کے ایک اسپتال میں علاج کی غرض سے داخل کیا گیا تھا۔
بھارت میں بھی لاک ڈاؤن، کرونا کے کیسز میں اضافہ
بھارت میں کرونا وائرس کے متاثرین اور اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کے بعد حکام نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ دارالحکومت نئی دہلی اور متعدد ریاستوں میں آج صبح چھ بجے سے لاک ڈاؤن پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ضروری چیزوں کی دکانوں اور فارمیسیز کے علاوہ تمام بازار، ریل اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے۔
- By سہیل انجم
بھارت میں ہلاکتیں 8 ہو گئیں
بھارت میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض چل بسا جس کے بعد بھارت میں ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
نئی دہلی سے وائس آف امریکہ کے نمائندے سہیل انجم کے مطابق ممبئی کے ایک اسپتال میں فلپائن سے تعلق رکھنے والے 68 سالہ شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
مذکورہ شخص میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ صحت یاب ہو چکا ہے تاہم پیر کو اس کی موت واقع ہوئی ہے۔ بھارت میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد بڑھ کر 415 ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس کے دنیا پر اثرات