برطانیہ میں فوج سے مدد طلب
برطانیہ کی حکومت نے میڈیکل آلات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔
برطانیہ میں کرونا وائرس سے اب تک 281 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکومت نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث برطانیہ کو ماسکس اور طبی آلات کی کمی کا سامنا ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ طبی آلات کی فراہمی یقینی بنائے۔
طبی عملے کی جانب سے شکایت کی گئی تھی کہ انہیں آلات کی کمی کا سامنا ہے اور وہ موجودہ حالات میں خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ طبی آلات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
برطانیہ کے وزیر صحت میٹ ہین کوک نے اعتراف کیاہے کہ وہ طبی آلات کی فراہمی کی کمی سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ فوج کے ٹرک دن رات کام کر کے میڈیکل اسٹاف کو آلات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
بھارہ کہو میں تبلیغی جماعت کے 6 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق
اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں تبلیغی جماعت کے چھ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسسٹنٹ پولیس افسر بھارہ کہو حمزہ امان اللہ کے مطابق کوٹ ہتھیال میں چھ غیر ملکیوں سمیت 13 افراد پر مشتمل ایک جماعت تبلیغ پر تھی جس میں شامل ایک غیر ملکی شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
اُن کے بقول، جماعت میں شامل پانچ مزید افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا جس کے بعد کوٹ ہتھیال کے خارجی و داخلی راستوں پر پولیس تعینات کر دی ہے۔
اے ایس پی بھارہ کہو کا کہنا ہے کہ پورے علاقے کو قرنطینہ میں بدل دیا گیا ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ اہلِ علاقہ کے ٹیسٹ کرائے گی۔
حمزہ امان اللہ کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں دودھ، کریانہ، بیکری کے علاوہ باقی دکانیں بند کرا دی گئی ہیں۔
پنجاب میں بھی سخت پابندیوں کا اعلان
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ 24 مارچ کی صبح نو بجے سے چھ اپریل تک صوبے بھر میں تمام شاپنگ مالز بند رہیں گے اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں دو ہفتے کے لیے تمام سیاحتی مقامات بند رہیں گے تاہم فوڈ سپلائی چین برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت سبزی منڈی، کریانہ اسٹورز، بیکریاں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پابندیوں کے دوران کرفیو جیسی صورتِ حال نہیں ہو گی اور ایسا بھی نہیں ہو گا کہ گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے۔
کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن