کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لاہور میں جراثیم کش اسپرے
لاہور میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سڑکوں اور عوامی مقامات پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔
پشاور یونیورسٹی میں جراثیم کش اسپرے
کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پشاور یونیورسٹی میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے پشاور یونیورسٹی کے ہاسٹلوں کو قرنطینہ مرکز بنایا ہوا ہے۔
کرونا وائرس: مشرق وسطیٰ کے امیر اور غریب ممالک سب نشانے پر
دنیا کے باقی خطوں کی طرح جنگ زدہ اور کمزور عرب ممالک میں بھی کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ایسے میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ ادویات اور دیگر طبی اشیا کی کمی کے باعث عراق، سوڈان اور یمن میں ان کی قیمتیں بہت زیادہ ہو سکتی ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کے ممالک میں کرونا وائرس کے 30 ہزار سے زائد مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ جن میں سب سے زیادہ کیسز ایران میں پائے گئے ہیں جب کہ ایران بھی عالمی پابندوں کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے خطے کے امیر ممالک بھی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔
آئی ایم ایف کی جانب سے عمومی طور پر حکومتوں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر سادگی اور کفایت شعاری اختیار کریں تاہم اب مشرق وسطیٰ کی حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شہریوں کو عارضی طور پر ٹیکس میں رعایت دیں۔ اس کے علاوہ رقوم کی منتقلی پر بھی ریلیف کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ: 408 قیدیوں کی مشروط ضمانت منظور
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 408 قیدیوں کی مشروط رہائی کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اس ضمن میں اسلام آباد انتظامیہ، پولیس اور انٹی نارکوٹکس فورس پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دُنیا بھر کی جیلوں سے معمولی جرائم پر قید افراد کو رہا کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ قیدیوں کو رہائی پانے کے لیے کمیٹی کو مطمئن کرنا ہو گا۔ ایسے افراد کو بھی رہا نہ کیا جائے جو معاشرے کے لیے خطرہ بن سکتے ہوں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں خواتین کو جیلوں میں رکھنا بھی مناسب نہیں ہے۔