کرونا وائرس سے پاکستانی ڈاکٹر کی ہلاکت پر امریکہ کا اظہارِ تعزیت
امریکہ نے کرونا وائرس سے لڑتے ہوئے جان دینے والے نوجوان پاکستانی ڈاکٹر اسامہ ریاض کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
امریکہ کی معاون نائب وزیرِ خارجہ ایلس ویلز کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اُنہیں ڈاکٹر اسامہ ریاض کی موت کا سن کر بہت دکھ ہوا ہے جو پاکستان میں کرونا وائرس کے خلاف محاذ میں پہلی صف میں کھڑے تھے۔
امریکہ کے جنوبی اور وسطی ایشیا کے امور کے بیورو نے ایلس ویلز کا یہ بیان ایک ٹوئٹ کے ذریعے جاری کیا ہے جس میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم ان تمام میڈیکل ورکرز کو سلام پیش کرتے ہیں جو جنوبی اور وسطی ایشیا میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر لوگوں کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں۔
بیان کے مطابق امریکہ خطے میں کرونا وائرس سے لڑنے والے طبی عملے کے ساتھ کھڑا ہے۔
بھارتی کشمیر میں لاک ڈاؤن، ڈرونز سے شہریوں کی نگرانی
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ وادی میں سڑکیں سنسان اور بازار بند ہیں۔ پولیس اہلکار لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات کر کے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات کر رہے ہیں جب کہ ڈرون کیمروں کے ذریعے شہریوں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
ٹوکیو اولمپکس ایک سال تک ملتوی
جاپاں کے دارالحکومت ٹوکیو میں رواں سال جولائی اور اگست میں شیڈول ٹوکیو اولمپکس کرونا وائرس کے باعث ایک سال کے لیے ملتوی کر دیے ہیں۔
جاپان کے وزیر اعظم شنزو ابی نے اولمپکس مقابلے ملتوی ہونے کا اعلان نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔
جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے شکرگزار ہیں کہ اُنہوں نے جاپان کی درخواست پر اتفاق کیا۔
اولمپکس مقابلے دُنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے ہوتے ہیں، جس مین دُنیا بھر سے درجنوں ایتھلیٹس شرکت کرتے ہیں۔
پاکستان میں شرح سود میں ڈیڑھ فی صد کمی
پاکستان کی حکومت نے شرح سود ڈیڑھ فی صد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ کمی کے بعد شرح سود 11 فی صد ہو گئی ہے۔ پاکستان میں مختلف حلقے شرح سود میں کمی کے مطالبات کر رہے تھے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی حکومت سے شرح سود دو سے تین فی صد کم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔