کرونا وائرس: لاہور میں لاک ڈاؤن کا پہلا روز
لاہور میں لاک ڈاؤن کے بعد اہم شاہراہیں سنسان اور بڑے کاروباری مراکز بند رہے۔ حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ لیکن بعض گنجان آباد علاقوں میں شہری معمول کی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔ مزید جانتے ہیں ضیاء الرحمٰن کی زبانی
- By محمد ثاقب
آج رات سے ملک بھر میں ایک ہفتے کے لیے ٹرین سروس معطل
پاکستان ریلوے نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آج رات سے ملک بھر میں ایک ہفتے کے لیے ٹرین سروس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی سے ملک کے مختلف علاقوں کو جانے والی ریل گاڑیوں میں مسافروں کا بے حد رش ہے۔ اس بارے میں مزید بتارہے ہیں کراچی سے ہمارے نمائندے محمد ثاقب
بھارت میں 21 دن کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کی رات سے ملک بھر میں 21 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
عالمگیر وبا سے متعلق قوم سے دوسرے خطاب میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ انھوں نے کہا کہ مختلف ملکوں کے تجربات کے پیش نظر اور ماہرین کے مطابق اس کو پھیلنے سے روکنے کا واحد طریقہ سوشل ڈسٹینسنگ یا سماجی دوری ہے۔ انھوں نے عوام سے کہا کہ اگر وہ 21 دن تک سماجی دوری قائم نہیں کریں گے اور اپنے گھروں سے باہر نکلیں گے تو ملک 21 سال پیچھے چلا جائے گا۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ملک میں لاک ڈاؤن سے معاشی نقصانات ضرور ہوں گے لیکن وبا کا سلسلہ توڑنے اور لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔ صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکومت نے 15 ہزار کروڑ روپے مختص کردیے ہیں۔ عوام کو اشیائے ضرورت کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے 500 سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔