پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ
کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک
بلوچستان میں مزید 5 کیسز رپورٹ
پاکستان کے صوبے بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 115 تک پہنچ گئی ہے۔
صوبائی حکوومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق سرحدی شہر تفتان میں قائم قرنطینہ سینٹر میں ایران سے آنے والے دو شہریوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ قرنطینہ سینٹر میں پہلے سے موجود تین افراد میں کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
انتظامیہ نے ایران سے متصل اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ریلیف کمشنر کے اعلامیے کے مطابق یہ اقدام کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے اور لوگوں کے تحفظ کے لیے اُٹھایا گیا ہے جس کا اطلاق چاغی، واشک، پنجگور، کیچ اور گوادر کے اضلاع میں ہو گا۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے بھی صوبے میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر کوئٹہ، سبی، تربت کے بینچز اور تمام ذیلی عدالتوں اور ٹربیونلز میں 25 سے 28 مارچ تک جب کہ حکومت تمام محکموں کے لیے 28 مارچ تک عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان میں ڈومیسٹک فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ
پاکستان کی حکومت نے تمام ایئر لائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد ہر قسم کی ڈومیسٹک شیڈول اور بغیر شیڈول چارٹرڈ اور نجی ہوائی جہاز کے مسافروں کی پروازوں کا آپریشن 26 مارچ 2020 کی صبح چھ بجے سے دو اپریل تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی عبدالستار کھوکھر نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ فضائی آپریشن کی معطلی کا اطلاق کارگو اور خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا۔
اُن کے بقول، خصوصی پروازوں کی منظوری خصوصی اجازت کے تحت ہو گے۔