- By سہیل انجم
بھارت میں لاک ڈاؤن کا پہلا روز
بھارت میں 21 روزہ کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا آج پہلا دن ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے 130 کروڑ افراد گھروں میں قید ہیں۔
ملک کی مختلف ریاستوں میں سڑکیں ویران ہیں۔ صرف اشیائے ضروریہ یا طبی عملے کو لے جانے والی گاڑیاں ہی سڑکوں پر نظر آ رہی ہیں۔ لازمی اشیا کی دکانوں کے علاوہ تمام قسم کی دکانیں اور کاروبار بند ہے۔
مرکزی وزارتِ داخلہ نے تمام ریاستی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ غذائی اجناس کی کمی کی افواہ کو روکیں۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز مرکزی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع کی ایک تصویر بھی جاری کی گئی جس میں وزیرِ اعظم اور تمام کابینہ ارکان ایک دوسرے سے فاصلہ قائم رکھے ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 562 ہو گئی ہے جبکہ تمل ناڈو میں ایک 54 سالہ شخص کی ہلاکت کے ساتھ کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
- By واجد شاہ
اسلام آباد: کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد سخت احتیاطی اقدامات
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اسلام آباد میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں کرونا وائرس کے متعدد کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے سبب سڑکیں سنسان، دکانیں اور بازار بند ہیں۔
ایوان صدر میں ویڈیو لنک سے علما کا مشاورتی اجلاس طلب
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایوان صدر میں تمام مسالک کے علما کا مشاورتی اجلاس جمعرات 26 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس کا مقصد مذہبی حلقوں کی جانب سے کرونا وائرس کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر آنے والے دنوں میں مذہبی اجتماعات اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کی تیاری اور ہم آہنگی کا پیغام دینا ہے۔
اجلاس کی صدارت پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی ویڈیو لنک کے ذریعے کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز صدر کے معاون ہوں گے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے علما ایوان صدر جب کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر کے علما گورنر ہاوسز سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
انسان ہمدردی کی بنیاد پر چار خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے انسان ہمدردی کی بنیاد پر چار خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان میں پھنسے وہ مسافر جو واپس اپنے ممالک جانا چاہتے ہیں ان کے خصوصی اقدام کیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے کی تین پروازیں برطانیہ اور ایک کینیڈا جائے گی۔
جمعہ 27 مارچ کو پی کے 781 لاہور سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو، ہفتہ 28 مارچ کو اسلام آباد سے پی کے 709 برطانیہ کے شہر مانچسٹر، ہفتہ 28 مارچ ہی کو اسلام آباد سے پی کے 757 لندن اور پی کے 9791 ہفتہ 28 مارچ کو اسلام آباد سے برمنگھم جائے گی۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق چاروں پروازیں واپسی پر خالی پاکستان آئیں گی۔
ترجمان کے مطابق ان پروازوں ککے ٹکٹس کی بکنگ شروع ہو گئی ہے جب کہ پہلے آیے پہلے پایے کی بنیاد پر ٹکٹ فروخت ہوں گے۔